تحریکِ انصاف کا مظاہرین پر فائرنگ کا الزام
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سیدھی گولیاں ماری گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے عوام طے شدہ مقام پر بنیادی سیاسی و جمہوری حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے آئے تھے۔
ان کے بقول مظاہرین اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے افراد میں سے کسی کی بھی جان کے ضائع ہونے کے ذ مہ دار وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ ہیں۔
مظاہرین سے جناح ایونیو خالی کروا لیا گیا
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی فورسز نے بلیو ایریا میں جمع ہونے والے مظاہرین کے خلاف سخت آپریشن کیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد مظاہرین سے علاقہ خالی کروا لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کے دوران درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ البتہ اس حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔
سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلیو ایریا کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ اس وقت وہاں کسی قسم کا کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔