راستے بند ہونے کی ذمے دار پی ٹی آئی ہے: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جو راستے بند ہیں اس کی ذمے دار صرف پی ٹی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو اسلام آباد آئے گا وہ گرفتار ہوگا ان کے خلاف سخت ترین کاروائی ہوگی۔ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی این آر او چاہتی ہے اور ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ہمارے ساتھ ڈیل کرو ہمارے لیڈر کو آزاد کر دیا جائے۔ اس کے لیے احتجاج کے بجائے عدالتوں سے رجوع کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرم میں جو کچھ ہوا اور وہاں آج بھی وہاں مظاہرے ہوئے صوبائی حکومت کو وہاں جا کر حالات کنٹرول کرنے چاہییں۔
اسلام آباد میں پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے سرکاری اعلامیے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا جو کچھ دیر میں جاری ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
ڈی چوک پر کیا صورتِ حال ہے؟
تحریکِ انصاف نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ڈی چوک پر سیکیورٹی کے کیا حالات ہیں؟ اسلام آباد سے اس ویڈیو میں بتا رہے ہیں عاصم علی رانا۔
اسلام آباد میں احتجاج؛ تاجر کیا کہتے ہیں؟
اسلام آباد میں احتجاج کے سبب اکثر شاہراہیں اور راستے بند کر دیے جاتے ہیں جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ اس صورتِ حال پر تاجر کیا کہتے ہیں جانیے نذر الاسلام کی اس ویڈیو میں۔