ڈی چوک پر کیا صورتِ حال ہے؟
تحریکِ انصاف نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ڈی چوک پر سیکیورٹی کے کیا حالات ہیں؟ اسلام آباد سے اس ویڈیو میں بتا رہے ہیں عاصم علی رانا۔
اسلام آباد میں احتجاج؛ تاجر کیا کہتے ہیں؟
اسلام آباد میں احتجاج کے سبب اکثر شاہراہیں اور راستے بند کر دیے جاتے ہیں جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ اس صورتِ حال پر تاجر کیا کہتے ہیں جانیے نذر الاسلام کی اس ویڈیو میں۔
تحریکِ انصاف بین الاقوامی شخصیات کی پاکستان آمد پر ہی کیوں احتجاج کا اعلان کرتی ہے: نائب وزیر اعظم
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف بار بار احتجاج کی کال ایسے وقت میں کیوں دیتی ہے جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آ رہی ہوں۔
ملک کی موجودہ صورتِ حال پر بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ احتجاج یا ملک کی عزت اور وقار کے ساتھ سوچی سمجھی سازش اور کھیل کیوں کھیلا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے 14 اکتوبر کو چین کے وزیرِ اعظم کا دورہ ہو یا اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے سربراہانِ مملکت کی اسلام آباد آمد ہو یا پھر پیر سے بیلا روس کے صدر کا دورہ ہو۔ ایسے موقع پر احتجاج کا اعلان کیوں کیا جاتا ہے۔
فیصل آباد: بارات کے روپ میں جانے والے پی ٹی آئی کے مبینہ کارکن گرفتار
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 500 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے حراست میں لیے گئے افراد کو پی ٹی آئی کا کارکن ظاہر کیا ہے۔
پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ایک بارات کی صورت میں اسلام آباد جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
فیصل آباد کی پولیس نے سرگودھا روڈ سے باراتیوں کی روپ میں اسلام آباد جانے والے مبینہ مظاہرین کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن آٹھ گاڑیوں میں میں سوار تھے۔ ان گاڑیوں کو پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ پولیس نے شناخت ہونے پر ان افراد کو حراست میں لیا ہے۔