رسائی کے لنکس

براہِ راست تحریکِ انصاف کا احتجاج: اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت میں تحریکِ انصاف کی جانب سے آج احتجاج کے اعلان کے سبب انتظامیہ نے اسلام آباد میں داخل ہونے کے تمام راستے سیل کر دیے ہیں یا ان پر سیکیورٹی دستے تعینات ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر اور سوشل میڈیا ویب سائٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

16:33

فیض آباد پہنچنے والے پی ٹی آئی کے حامی گرفتار

اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد چوک سے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن فیض آباد پر موجود تھے جنہیں منتشر کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے 100 سے 150 کارکن فیض آباد پہنچے جن میں سے کچھ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

19:12

فیض آباد میں تحریکِ انصاف کے کارکن اور پولیس آنے سامنے

اسلام آباد کے فیض آباد انٹر چینج پر پولیس نے پی ٹی آئی کے حامیوں کو روکنے کے لیے شیلنگ کی ہے۔

پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے۔

حکومت نے اس احتجاج کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ دار الحکومت میں اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔

19:10

حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے؛ وزرا کے بیانات پر پی ٹی آئی کا ردِ عمل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف نے اپنے احتجاج سے متعلق وزرا کے بیانات پر ردِ عمل میں کڑی تنقید کی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عوام کے سمندر سے خوف زدہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس نے ملک کو کنٹینرستان بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں کرفیو نافذ کر کے عوام کو محصور کرنا بھی عوامی سمندر کو روکنے میں سود مند ثابت ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ قوم جاگ چکی ہے اور اپنے چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی اور حقیقی آزادی کے لیے نکلے گی۔

18:27

راستے بند ہونے کی ذمے دار پی ٹی آئی ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جو راستے بند ہیں اس کی ذمے دار صرف پی ٹی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو اسلام آباد آئے گا وہ گرفتار ہوگا ان کے خلاف سخت ترین کاروائی ہوگی۔ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی این آر او چاہتی ہے اور ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ہمارے ساتھ ڈیل کرو ہمارے لیڈر کو آزاد کر دیا جائے۔ اس کے لیے احتجاج کے بجائے عدالتوں سے رجوع کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرم میں جو کچھ ہوا اور وہاں آج بھی وہاں مظاہرے ہوئے صوبائی حکومت کو وہاں جا کر حالات کنٹرول کرنے چاہییں۔

18:11

اسلام آباد میں پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے سرکاری اعلامیے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا جو کچھ دیر میں جاری ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG