رسائی کے لنکس

ججز خط معاملہ؛ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی کمیشن کی سربراہی سے معذرت

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کے خط کے معاملے پر تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے کمیشن کی سربراہی سے جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے خط کے ذریعے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا ہے۔

14:57 1.4.2024

خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت: سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر از خود نوٹس لے لیا

پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ نے عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت سے متعلق ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر از خود نوٹس لے لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز نے گزشتہ ہفتے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں شکایت کی تھی کہ عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا جائزہ لیا جائے۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے موجود سات ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دے دیا جب کہ بینچ کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔

از خود نوٹس کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہوں گے۔

سپریم کورٹ کا سات رکنی بینچ بدھ کے روز سے کیس کی سماعت کا آغاز کرے گا۔

20:43 1.4.2024

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ججوں کے خط معاملے پر پی ٹی آئی کا احتجاج

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ایوان کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا ہے۔

پیر کو ہونے والے اجلاس میں نو منتخب اراکینِ اسمبلی نے حلف اٹھایا۔ اس موقعے پر تحریکِ انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

اجلاس میں شانگلہ میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے درخواستیں بھی طلب کرلیں۔

سنی اتحاد کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے عدالتی امور میں مبینہ مداخلت کے خلاف لکھے گئے خط کے معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

تاہم اس پر بحث کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

20:23 1.4.2024

اسد قیصر کا ججوں کے خط کے معاملے پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ

تحریکِ انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کے خط کے معاملے پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کر دیاہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ججوں پر دباؤ ڈال کر عدلیہ کی آزادی متاثر کی جا رہی ہے۔

تحریکِ انصاف چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ پر دباؤ ڈال کر فیصلے لیے جا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ججوں نے اپنے اوپر دباؤ کے بارے میں خط چیف جسٹس کو ارسال کر دیاہے۔

بیرسٹر گوہر علی نے بھی کہا کہ قومی اسمبلی میں اس مسئلے پر بحث کرائی جائے۔

اس دوران جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ایجنڈے کے مطابق ایوان کی کارروائی آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

نورعالم کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں شانگلہ میں خودکش حملے میں چینی انجینئروں کی موت ہونے پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

16:54 1.4.2024

شہباز شریف کا داسو کا دورہ، چینی انجینئروں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بشام حملے جیسے واقعات پاکستان اور چین کے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

بشام میں پانچ چینی انجینئروں کی خود کش دھماکے میں ہلاکت کے حوالے سے داسو میں تعزیتی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت چین کے شہریوں اور ان کے خاندانوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف نے پیر کو داسو میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئروں اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔

16:28 1.4.2024

اڈیالہ جیل: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کے لیے آمد

خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق علی امین گنڈا پور سرکاری پروٹوکول میں جیل پہنچے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG