رسائی کے لنکس

براہِ راست عمران خان اور علی امین گنڈا پور کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج

مقدمہ دہشت گردی سمیت 10 سنگین دفعات کے تحت سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ 26 نمبر کے مقام پر ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ پر درج کیا گیا ہے۔

13:57

اڈیالہ جیل میں تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد

سیکیورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تمام ملاقاتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں پر بھی پابندی ہو گی۔

جیل حکام کے مطابق اسلام آباد میں رواں ماہ ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں پہلے ہی آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

ایس سی او اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں رُکن ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔ بھارت کے وزیرِ خارجہ جے شنکر بھی وفد کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

13:52

کراچی دھماکہ؛ ایک لاش کی شناخت نہ ہو سکی

کراچی ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں دو چینی انجینئرز کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم ایک لاش کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی جس کے بارے میں حکام کو شبہہ ہے کہ یہ خود کش حملہ آور ہو سکتا ہے۔

دھماکے کے بعد جناح اسپتال کراچی میں تین لاشیں لائی گئی تھیں جن میں سے دو چینی انجینئرز جب کہ ایک غیر شناخت شدہ لاش ہے۔

اس لاش کے جسم کے ٹکڑے اسپتال لاۓ گئے ہیں جس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ لاش ممکنہ طور پر خود کش حملہ آور کی ہوسکتی ہے۔

13:45

کراچی دھماکے میں مجموعی طور پر 15 گاڑیاں متاثر ہوئیں: انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ

کراچی میں بم ڈسپوزل اسکواڈکے انچارج کے مطابق اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں مجموعی طور پر 15 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ شواہد کو فارنزک کے لیے بھیجا جائے گا۔ رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آ ئیں گے۔

ان کے مطابق یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ دھماکے میں کس ساخت کا بارودی مواد استعمال ہوا۔

13:39

وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا کو غیر قانونی اقدامات سے روکا جائے: پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو 'غیر قانونی اور غیر آئینی' اقدامات سے روکنے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رُکن سید عزیز الدین کاکاخیل کی دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا احتجاج اور جلسے جلوسوں کے ذریعے اپنے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپنے عہدے کا حلف اُٹھانے کے بعد سے وزیرِ اعلٰی قانون ہاتھ میں لے رہے ہیں۔ اُنہوں نے ایک سزایافتہ شخص عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد پر چڑھائی کی اور اُنہیں اپنی 'ریڈ لائن' قرار دیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیرِ اعلٰی کو اپنے حلف کا پابند بنانے اور غیر قانونی اقدامات سے روکنے کا حکم دیا جائے اور درخواست پر فیصلے تک وزیرِ اعلٰی کو کام سے بھی روک دیا جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG