رسائی کے لنکس

قرض کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط 'ناقابلِ تصور' ہیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف


پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) وزیرِ خزانہ کے ساتھ مذاکرات میں بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے۔

جمعے کو پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف قرض کے لیے جو شرائط لگا رہا ہے، وہ ناقابلِ تصور ہیں، لیکن ملک کی معاشی صورتِ حال کے پیشِ نظر یہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن ان دنوں اسلام آباد میں ہے اور قرض کی قسط کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔

شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج

چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے متعلق نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام میں کراچی میں مقدمہ درج ہونے کے بعد کراچی پولیس شیخ رشید کو گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

سابق وزیرِ داخلہ کو گرفتار کر کے کراچی منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف زرداری کو دھمکیاں دینے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اُنہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

اسی اثنا میں شیخ رشید کے خلاف کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنما خدا بخش کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں جائیں گے: اسد عمر

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے سات فروری کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں جائیں گے۔

جمعے کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ایسے میں عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

امن و امان کی صورتِ حال، شہباز شریف نے سات فروری کو آل پارٹیز کانفرنس بلا لی

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر سات فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کی رات کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اے پی سی اسلام آباد میں ہو گی جس کے لیے ملک کے تمام قومی سیاسی قائدین کو شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے قائدین کی اے پی سی بلانے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور خراب معاشی صورتِ حال کے باعث زرِمبادلہ کے ذخائر گھٹتے جارہے ہیں۔

پیر کو پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 100 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی تھی۔

اس واقعے کے بعد ملک میں دہشت گردوں کے خلاف عسکری آپریشن کے مطالبے سامنے آرہے ہیں اور حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتے گی۔

سرکاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

خیال رہے کہ 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے اے پی سی بلائی تھی جس میں عمران خان نے حکومت کے خلاف دھرنا ختم کرتے ہوئے شرکت کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

XS
SM
MD
LG