رسائی کے لنکس

الیکشن کمیشن نے فارم 45 کے ساتھ 'چھیڑ چھاڑ' کی: پی ٹی آئی کا الزام

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، تیمور جھگڑا اور سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن والے دن پولنگ ایجنٹس کو دیے گئے فارم 45 اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری کیے گئے فارم 45 میں فرق ہے۔

13:18 6.3.2024

سپریم کورٹ کی رائے؛ شہباز شریف کی پیپلز پارٹی کی قیادت کو مبارک باد

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو شفاف ٹرائل نہ ملنے کی سپریم کورٹ کی رائے پر نامزد صدر آصف علی زرداری، ان کے صاحب زادے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارک باد دی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں لیکن سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ اور ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا مثبت پیش رفت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کی متفقہ رائے قومی سطح پر تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مددگار ہو گی۔ ماضی کی غلطیوں کی درستگی اور تلخیوں کے خاتمہ سے ہی قومی اتحاد اور ترقی کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔

13:28 6.3.2024

خیبر پختونخوا کی کابینہ میں 15 ارکان شامل

خیبرپختونخوا میں کابینہ کی تشکیل کی سمری جاری کر دی گئی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق صوبائی کابینہ میں 15 وزراءشامل ہیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق کابینہ میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان، محمد عدنان قادری، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینا خان، فضل شکور، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم، خلیق الرحمٰن اور سید قاسم علی شاہ شامل ہیں۔

فیصل خان ترکئی اور محمد ظاہر شاہ طورو کو کابینہ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ کابینہ کے ارکان آج شامل حلف لیں گے۔

13:30 6.3.2024

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے ان سے ملاقات کی ہے۔

وزیرِِ اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف نے شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی فوج کے پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔

13:31 6.3.2024

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG