عمران خان نے 1996میں سیاسی جماعت تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی اور 2002 کے انتخابات میں انہیں پہلی انتخابی کامیابی حاصل ہوئی جب وہ تنہا اپنی پارٹی سے منتخب ہو کر قومی اسمبلی میں پہنچے۔ 2008 میں پی ٹی آئی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ 30 اکتوبر 2011 کو لاہور میں ہونے والے جلسے کو تحریکِ انصاف کی سیاست کا اہم ترین موڑ قرار دیا جاتا ہے جس کے بعد جماعت نے انتخابی سیاست میں اپنے قدم جمانا شروع کیے اور تحریکِ انصاف 2013 کے عام انتخابات میں 33 نشستیں حاصل کرکے ملک کی تیسری بڑی جماعت بنی۔ پی ٹی آئی 2018 کے انتخابات میں ملک کی سب سے زیادہ نشستیں لینے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔
عمران خان کا سیاسی سفر

1
عمران خان نے انتخابات کے بعد ایک اتحادی حکومت بنائی اور 18 اگست 2018 کو وزارتِ عظمی کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اقتدار سنبھالے کے بعد انہوں نے 100 دن کے اندر پاکستان کے نظامِ حکومت، کرپشن کے خاتمے، روز گار کی فراہمی سمیت کئی اہم شعبوں میں اصلاحات کا پروگرام پیش کیا تھا۔

2
اپنی وزارتِ عظمی کے آغاز ہی میں عمران خان کے لیے ملک کے معاشی مسائل سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوئے۔ عمران خان کی حکومت کی معاشی پالیسیوں میں یکسوئی نہ ہونے کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ عمران خان نے دو سال کے عرصے میں چار وزرائے خزانہ تبدیل کیے۔

3
عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑ ملازمتوں کی فراہمی کے وعدے بھی کیے تھے۔ ابتدا میں وزیرِ اعظم نے گھریلو سطح پر مرغ بانی اور مویشی پالنے جیسے پرگرام بھی متعارف کرائے۔ بعد ازاں کامیاب نوجوان پروگرام اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم جیسے منصبوے بھی متعارف کرائے گئے۔

4
عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد پہلے خطاب ہی سے ملک میں کرپشن کے خاتمے اور لوٹی گئی دولت واپس لانے کے بڑے وعدے کیے۔ ان کے ناقدین کے مطابق وہ اپنے یہ وعدے پورے کرنے میں تو کامیاب نہیں ہو سکے البتہ اپوزیشن کی جانب سے ان پر احتساب اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے۔