سوات میں امن و امان کی صورتِ حال تشویش ناک ہے لیکن کنٹرول سے باہر نہیں: وفاقی وزیرِ داخلہ
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سوات میں امن و امان کی صورتِ حال تشویش ناک ضرور ہے لیکن حالات اتنے خراب نہیں کہ اسے کنٹرول نہ کیا جا سکے۔
جیو نیوز کے پروگرام 'جیو پاکستان' میں جمعے کو گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے سوات میں صورتِ حال پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوات سمیت صوبے بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سے تعاون کریں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک اور دو طالب علم زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے خلاف ہزاروں افراد نے سوات میں احتجاج کیا تھا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کے بقول سوات کے سرکردہ رہنماؤں سے مشاورت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت قیامِ امن کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
رانا ثناء اللہ نے شکوہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت لانگ مارچ کی تیاریوں میں لگی ہے اور انہیں سوات کی صورتِ حال کا کوئی احساس نہیں جب کہ وزیرِ اعلیٰ نے اب تک سوات کے معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا۔
کراچی: ڈینٹل کلینک پر حملہ کرنے والے شخص کی گرفتاری کا دعویٰ
سندھ پولیس کے محکمۂ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں ڈینٹل کلینک پر فائرنگ میں ملوث شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جس کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے کی ذیلی تنظیم سندھ پیپلز آرمی سے بتایا گیا ہے۔
جمعہ کو جاری ایک اعلامیے میں سی ڈی ٹی نے بتایا کہ حساس اداروں کی مدد سے کالعدم تنظیم کی موجودگی پر کارروائی کی گئی جس میں ایس آر اے سے تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے بقول ''اس تنظیم کے دہشت گردوں نے ہو ڈینٹل کلینک صدر کراچی کو ٹارگٹ کیا۔'' جس میں ایک دوہری شہریت یافتہ شخص رونلڈ رائمنڈ ہلاک جب کہ دو افراد زخمی ہوئے۔
سی ڈی ٹی کا کہنا ہے ک ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے
لاہور ہائی کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سےوفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف ہاؤسنگ سوسائٹی سے پلاٹ کے حصول میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس میں جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے الزام عائد کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے چکوال میں ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی دلوانے کے عوض دو پلاٹ رشوت کے طور پر حاصل کیے۔
مسلم لیگ (ن) کے وکلا نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پنجاب کو رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کے آٹھ حلقوں میں پولنگ کا آغاز
قومی اسمبلی کے آٹھ اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 157 ملتان اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔
دوسری طرف پنجاب کے تین صوبائی حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جار ہے ہیں۔ جن میں پی پی 139 شیخو پورہ، پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاول نگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشستیں تحریکِ انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفی منظور ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے حلقہ این اے 246 میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی درخواست پر ضمنی انتخاب کرانے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا تھا۔