رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کی نااہلی کا تفصیلی فیصلہ جاری

14:30 27.9.2022

آڈیوز لیک: ’آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہ کسی نتیجے پر پہنچ چکے ہیں

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے ملک اہم ترین خفیہ اداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سربراہان کسی نتیجے پر پہنچ چکے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہان وزیرِ اعظم کی سربراہی میں ہونے والے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے پر ابتدائی رپورٹ رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات ہونے کے بعد ہر چیز تفصیل سے سامنے آ جائے گی۔

آڈیوز لیک پر حزبِ اختلاف کی تنقید پر انہوں نے کہا کہ اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیرِ داخلہ کے مطابق آج کے دور میں ہر شخص کی جیب میں موبائل فون کی صورت میں کیمرہ اور آڈیو ریکارڈر موجود ہے۔ کوئی بھی شخص کہیں بھی کچھ بھی ریکارڈ کر سکتا ہے۔ یہ کوئی اتنا مشکل کام نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں اگر کوئی ڈیوائس نصب کرنے کا معاملہ ہوا اور اس میں کوئی ملوث ہوا، تو سب سامنے لایا جائے گا اور کارروائی ہوگی۔

ان کے مطابق اگر یہ کسی ہیکر کا کام ہوا تو اس کا بہتر علاج کریں گے اور احتیاط کی جائے گی۔

14:31 27.9.2022

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری

پاکستان میں چند روز سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

مقامی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں لگ بھگ تین روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 234 روپے ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیر کو ڈالر 239 روپے 65 پیسے سے کم ہو کر 237 روپے پر آیا تھا۔

چار روز قبل ڈالر کی انٹربینک میں قیمت 239 روپے 71 پیسے تھی۔

یوں گزشتہ پانچ دن میں ڈالر کی قدر میں پانچ روپے کی کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں اعلان کیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار یہ منصب سنبھال رہے ہیں۔ اسحاق ڈار لندن سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

14:32 27.9.2022

’مصیبت کے وقت سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے‘

پاکستان کے وزیرِا عظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا ہے کہ اس مصیبت کے وقت سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔ سیاسی کھیل میں پوائنٹ اسکورنگ سے اجتناب کرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ دادو کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے جب کہ تین کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے۔ سڑکیں اور ٹرینوں کے ٹریک سیلابی پانی سے تباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دکھی لوگوں کے سر پر دستِ شفقت چاہیے۔ یہ وقت جلسے اور جلسوں میں سیاست کا نہیں ہے۔ اس سے بڑی زیادتی نہیں ہو سکتی۔

16:34 27.9.2022

اسحاق ڈار نے ساڑھے چار سال بعد سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نامزد وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بیرونِ ملک سے واپسی کے بعد سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار مارچ 2018 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے البتہ اس وقت وہ بیرونِ ملک تھے اور اس کے بعد سے اب پاکستان واپس آئے ہیں تو سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔

اسحاق ڈار جس وقت سینیٹ میں حلف اٹھا رہے تھے اس وقت ایوان میں موجود حزبِ اختلاف نے ارکان نے احتجاج کیا۔

قبل ازیں اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی میں سینیٹ کی رکنیت کے حلف اٹھانے کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG