سرچ آپریشن جاری
مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے بعد دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
حادثے کے سبب فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔
کوسٹ گارڈ کے تمام وسائل ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے لیے مقرر
امریکہ کے ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا ہے کہ امریکی کوسٹ گارڈ کے موجود تمام وسائل ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے لیے مقرر کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام صورتِ حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مسافر طیارے میں 64 افراد سوار تھے
امریکہ کی فضائی کمپنی امیریکن ایئر لائنز کے سی ای او رابرٹ آئسم نے کہا ہے کہ طیارے کو امیریکن ایئرلائنز کے ماتحت ایک کمپنی پی ایس اے ایئر لائنز آپریٹ کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ طیارہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر سے اس وقت ٹکرایا جب وہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔
فوجی ہیلی کاپٹر میں تین اہلکار سوار تھے
مسافر طیارے سے ٹکرانے والا ہیلی کاپٹر امریکی فوج کا بلیک ہاک تھا۔
نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں کوئی بھی اعلیٰ عہدے دار سوار نہیں تھا اس میں تین اہلکار موجود تھے۔
حکام نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر ورجینیا میں ایک فوجی اڈے سے اڑا تھا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ہیلی کاپٹرز تربیتی پرواز پر تھا۔