رسائی کے لنکس

امریکی مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر میں تصادم ، 28 لاشیں نکال لی گئیں

طیارے اور ہیلی کاپٹر کے تصادم کے بعد ملبے سے 28 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

11:54 30.1.2025

اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

  • واشنگٹن ڈی سی کے قریب فضا میں ایک مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر میں تصادم ہوا ہے۔
  • مسافر طیارہ رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنے کے لیے نیچے آ رہا تھا جب دریائے پوٹومک پر ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
  • مسافر طیارے میں عملے کے چار ارکان سمیت 64 افراد سوار تھے جب کہ ہیلی کاپٹر میں تین اہلکار موجود تھے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ریگن نیشنل ایئر پورٹ کے قریب پیش آنے والے اندوہناک حادثے سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔
  • صدر ٹرمپ کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے میں تصادم ایک بری صورتِ حال ہے جس سے بچا جا سکتا تھا۔
  • دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
  • حادثے کے بعد رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔
11:47 30.1.2025

امدادی کارکن مشکل صورتِ حال میں ریسکیو آپریشن میں مصروف

امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری شون ڈفی نے کہا ہے کہ امدادی کارکن انتہائی مشکل صورتِ حال اور ماحول میں کام کر رہے ہیں۔

آرلنگٹن میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ان کے بقول انہوں نے سیچوئشن روم صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم سے بھی بات کی ہے جب کہ انہوں نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے بھی رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ سے ہر طرح تعاون کا بھی اعلان کیا۔

11:34 30.1.2025

امدادی سرگرمیوں میں 300 ریسکیو ورکرز مصروف

واشنگٹن ڈی سی کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جان ڈانیلی نے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں 300 ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔

رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئر پورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوٹومک دریا میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد پہلی امدادی یونٹ رات کو 8:58 منٹ پر حادثے کے مقام پر پہنچی تھی جس نے طیارے کو دریا میں پایا اور فوری ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دیں جس کے بعد اس کا دائرہ وسیع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے سے متعلق پہلا الرٹ 8:48 منٹ پر ملا تھا۔

11:27 30.1.2025

یہ ایک بری صورتِ حال ہے جس سے بچنا چاہیے تھا: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملٹری ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے میں تصادم ایک بری صورتِ حال ہے۔ ان کے بقول اس سے بچنا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاز ایک درست روٹ پر ایئر پورٹ کی جانب گامزن تھا۔ ہیلی کاپٹر کافی دیر تک جہاز کی جانب سیدھا بڑھتا رہا۔ یہ ایک صاف رات تھی۔ جہاز پر روشنیاں جگمگا رہی تھیں۔ ہیلی کاپٹر کیوں اوپر یا نیچے نہیں گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرول ٹاور نے ہیلی کاپٹر کو کیوں نہیں بتایا کہ کیا کرنا ہے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG