امدادی سرگرمیوں میں 300 ریسکیو ورکرز مصروف
واشنگٹن ڈی سی کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جان ڈانیلی نے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں 300 ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔
رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئر پورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوٹومک دریا میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد پہلی امدادی یونٹ رات کو 8:58 منٹ پر حادثے کے مقام پر پہنچی تھی جس نے طیارے کو دریا میں پایا اور فوری ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دیں جس کے بعد اس کا دائرہ وسیع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حادثے سے متعلق پہلا الرٹ 8:48 منٹ پر ملا تھا۔
یہ ایک بری صورتِ حال ہے جس سے بچنا چاہیے تھا: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملٹری ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے میں تصادم ایک بری صورتِ حال ہے۔ ان کے بقول اس سے بچنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاز ایک درست روٹ پر ایئر پورٹ کی جانب گامزن تھا۔ ہیلی کاپٹر کافی دیر تک جہاز کی جانب سیدھا بڑھتا رہا۔ یہ ایک صاف رات تھی۔ جہاز پر روشنیاں جگمگا رہی تھیں۔ ہیلی کاپٹر کیوں اوپر یا نیچے نہیں گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرول ٹاور نے ہیلی کاپٹر کو کیوں نہیں بتایا کہ کیا کرنا ہے؟
فوجی ہیلی کاپٹر میں تین اہلکار سوار تھے
مسافر طیارے سے ٹکرانے والا ہیلی کاپٹر امریکی فوج کا بلیک ہاک تھا۔
نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں کوئی بھی اعلیٰ عہدے دار سوار نہیں تھا اس میں تین اہلکار موجود تھے۔
حکام نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر ورجینیا میں ایک فوجی اڈے سے اڑا تھا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ہیلی کاپٹرز تربیتی پرواز پر تھا۔
مسافر طیارے میں 64 افراد سوار تھے
امریکہ کی فضائی کمپنی امیریکن ایئر لائنز کے سی ای او رابرٹ آئسم نے کہا ہے کہ طیارے کو امیریکن ایئرلائنز کے ماتحت ایک کمپنی پی ایس اے ایئر لائنز آپریٹ کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ طیارہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر سے اس وقت ٹکرایا جب وہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔