طیارہ حادثے کے مقام سے براہِ راست
مسافر طیارہ امریکی فضائی کمپنی ’پی ایس اے ایئر لائنز‘ کا تھا
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافر طیارہ امریکی فضائی کمپنی ’پی ایس اے ایئر لائنز‘ کا تھا۔
ایئر لائن کی ویب سائٹ کے مطابق حادثے کے شکار ہونے والے جیٹ میں 65 مسافروں کی گنجائش تھی۔
امریکہ کے ہوا بازی کے منتظم ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب بدھ کی شب مسافر طیارے اور ملٹری ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ مسافر طیارہ رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل دریائے پوٹومک پر ملٹری ہیلی کاپٹر سے ٹکرایا ہے۔ دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ طیارے میں ساٹھ مسافر اور عملے کے چار اہلکار سوار تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اندوہناک حادثے سے آگاہ
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ریگن نیشنل ایئر پورٹ پر ہونے والے اندوہناک حادثے سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کریں گے۔