دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب بدھ کی شب مسافر طیارے اور ملٹری ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ مسافر طیارہ رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل دریائے پوٹومک پر ملٹری ہیلی کاپٹر سے ٹکرایا ہے۔ دریائے پوٹومک کے قریب ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ طیارے میں ساٹھ مسافر اور عملے کے چار اہلکار سوار تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اندوہناک حادثے سے آگاہ
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ریگن نیشنل ایئر پورٹ پر ہونے والے اندوہناک حادثے سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کریں گے۔
دریائے پوٹومک میں پانی شدید ٹھنڈا ہونے کا انتباہ
امریکہ کی نیشنل ویدر سروس نے سرد موسم میں دریائے پوٹومک میں پانی شدید ٹھنڈا ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ویدر سروس کا کہنا ہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بدھ اور جمعرات کی شب درجۂ حرارت لگ بھگ 10 سینٹی گریڈ ہے جب کہ اس دوران دریائے پوٹومک میں پانی لگ بھگ دو ڈگری کے قریب ٹھنڈا ہے۔
نیشنل ویدر سروس نے کہا ہے کہ ایسے ٹھنڈے پانی میں گرنے سے کولڈ شاک لگنے کا اندیشہ ہے جس کے سبب جسمانی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن میں بے قابو انداز میں ہانپنا، تیزی سے سانس لینے کی کوشش کرنا سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دریائے پوٹومک میں اس وقت پانی کے ٹھنڈا ہونے کی جو صورتِ حال ہے اس حوالے نیشنل ویدر سروس نے کہا ہے کہ ان حالات کا کوئی شخص زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ گھنٹے تک مقابلہ کر سکتا ہے۔
رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز معطل
حادثے کے شکار ہونے والے طیارے نے ریاست کنساس کے شہر وچیٹا سے پرواز بھری تھی اور وہ واشنگٹن ڈی سی کے قریب رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا کہ دریائے پوٹومک پر ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی ہلاکت کی اطلاعات سامنے نہیں آ سکی ہے۔ البتہ حادثے کے بعد رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔