رسائی کے لنکس

کمزور رشتوں اور احساسات کی کہانی ’سپر اسٹار‘


نئی پاکستانی فلم ’سپر اسٹار‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان اور بلال اشرف نمایاں ہیں۔ ٹریلر کراچی میں ایک تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا جس میں فلم کے فن کاروں سمیت دیگر اہم افراد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ماہرہ خان نے کہا کہ فلم میں وہ سب کچھ ہے جو ایک اچھی اور تفریحی فلم میں ہوتا ہے جب کہ بلال اشرف کا کہنا تھا کہ وہ ایک نئے انداز میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کے لیے انہوں نے باقاعدہ کئی ہفتوں کی ٹریننگ لی جس میں سخت ڈائٹنگ اور ایکسر سائز شامل تھیں۔

فلم کی پروڈیوسر مومنہ دُرید اور ڈائریکٹر احتشام الدین ہیں جن کا کہنا تھا کہ وہ ٹی وی ڈراموں کے بعد فلموں کے سفر پر نکلے ہیں اور اس سفر میں ان کا اور فلم بینوں کا ہمیشہ ساتھ رہے گا۔

فلم کی ایک خاص بات اس کا شاندار میوزک ہے جو اذان سمیع خان نے ترتیب دیا ہے۔ وہ تجربے اور عمر دونوں کے حوالے سے نو وارد ہیں مگر فلم کے میوزک کو سُن کر اور اس کی عکس بندی کے لحاظ سے ترتیب دیکھ کر کم تجربے کا احساس نہیں ہوتا۔

فلم میں ایک آئٹم سانگ بھی شامل ہے جو فلم بینوں کو متوجہ کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔

فلم کے دو گانے ’دھڑک بھڑک ‘ اور عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا گانا ’ان دنوں‘ کے حوالے سے توقع ہے کہ وہ ہر خاص و عام کو پسند آئے گا۔

فلم کے ڈائیلاگ مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کیے ہیں اور ٹریلر کے لیے جن ڈائیلاگز کا انتخاب کیا گیا ہے وہ بلاشبہ بہترین ہیں۔ خاص کر ماہرہ خان کی جانب سے ڈائیلاگ کی ادائیگی بہت دلکش ہے۔ خاص طور پر جب ماہرہ جب یہ ڈائیلاگز ادا کرتی ہیں کہ ’تماشا ہے تو پھر تماشا ہی سہی‘ اور ’یہی چاہتے تھے نا تم ۔۔۔ لو بن گئی ستارہ۔۔‘

تین منٹ اور چھ سیکنڈز کا ٹریلر دیکھ کر کہانی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ’لو اسٹوری‘ ہے۔ دو اداکار ماہرہ خان اور بلال اشرف جو سُپر اسٹار بننے کے لیے کیا کچھ کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، یہ کہانی اسی جدوجہد کے درمیان کمزور پڑ جانے والے رشتوں اور احساسات کی عکاسی کرتی ہے۔

ماہرہ اور بلال کے علاوہ فلم کے نمایاں فنکاروں میں ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، اسماء عباس، سیف حسن، علیزے شاہ ، علی کاظمی، ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ، کبریٰ خان اور مانی شامل ہیں۔

فلم عید الاضحیٰ کے موقع پر پوری دنیا میں بیک وقت ریلیز کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG