رسائی کے لنکس

پاکستانی طلبا اور اساتذہ کی تبادلہ پروگرام کے تحت امریکہ روانگی


امریکی سفیر تقریب سے خطاب کررہی ہیں
امریکی سفیر تقریب سے خطاب کررہی ہیں

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے جاری لنکس ٹو لرننگ پروگرام کے تحت 26پاکستانی طلبا اور چار اساتذہ
امریکہ روانہ ہورہے ہیں۔ ان میں چار طالبات بھی شامل ہیں۔

اس پروگرام کے تحت ہر سال منتخب پاکستانی طالب علموں اور اساتذہ کو مختصر دورانیہ کے تربیتی اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے لیے امریکہ بھیجا جاتا ہے جس کا مقصد طلبا میں مل جل کر کام کرنا،قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور ثقافتی افہام وتفہیم کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں بدھ کے روز منعقدہ تقریب میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے سائنس و ٹیکنالوجی کے دو ہفتہ دورانیہ کے تبادلہ پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے طلبا کو مبارکبا د پیش کی اور کہا کہ جس طرح امریکہ پاکستان میں ہولناک سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے کی جانے والی امدادی کارروائیوں میں حکومت پاکستان کی اعانت کررہا ہے اسی طرح وہ مستقبل کے پاکستانی رہنماؤں کے لیے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے سلسلے میں بھی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ۔

امریکی سفیر نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ طالب علموں اور اساتذہ کے تبادلہ پروگرام مستقبل کو تابناک بنا سکتے ہیں اور ان سے باہمی افہام وتفہیم کو فروغ مل سکتا ہے۔

امریکی حکومت مڈل اور ثانوی درجے کے سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔اس کے علاوہ پاکستان کے لیے امریکہ کا فل برائیٹ اسکالر شپ پروگرام اس وقت دنیا میں سب سے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کے تحت پاکستانی طالب علموں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والوں کو امریکی اداروں میں حصول تعلیم کے لیے معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG