سندھ اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھالیا
سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا ہے۔
نئی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس پیر کو کراچی میں ہوا جس میں سابق اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سے حلف لیا۔
ارکان سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں میں حلف اٹھایا جس کے بعد ایوان میں پیپلز پارٹی کے نومنتخب ارکان نے 'جیے بھٹو' کے نعرے بھی لگائے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہے جو صوبے میں مسلسل تیسری بار حکومت بنائے گی۔
پی پی پی نے مراد علی شاہ کو وزیرِ اعلیٰ اور سراج درانی کو اسپیکر کے لیے نامزد کیا ہے جو گزشتہ دورِ حکومت میں بھی انہی عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان نے بھی حلف اٹھالیا
خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے بھی اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھالیا ہے۔
پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی نئی صوبائی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس پیر کو پشاور میں ہوا۔
اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرمین کے رکن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ایبٹ آباد سے نومنتخب رکن سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کی جنہوں نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
سردار اورنگزیب کو گورنر خیبر پختونخوا نے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کے لیے نامزد کیا تھا کیوں کہ صوبائی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر پیر کو قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے اسلام آباد میں ہیں۔
نومنتخب اسمبلی میں تحریکِ انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہے اور اس نے سابق وزیرِ کھیل محمود خان کو وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا ہے۔
قومی اسمبلی افتتاحی اجلاس میں مہمانوں کی گیلری میں سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کی دونوں صاحبزادیاں، بختاور اور آصفہ بھی موجود ہیں جن کے والد آصف علی زرداری اور بھائی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دیگر ارکان کے ساتھ پیر کو اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔
ارکان کی حلف برداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد نئی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کیے جائیں گے۔
کاغذات 14 اگست کو بھی وصول کیے جائیں گے جس کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا۔
نو منتخب اسپیکر اپنی حلف برداری کے فوراً بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اپنی نگرانی میں کرائیں گے۔
نئے قائدِ ایوان کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا جو اپنے عہدے کا حلف 18 اگست کو اٹھائیں گے۔