رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ میں کینیڈا کے خلاف کامیابی؛ کیا پاکستان اگلے مرحلے میں پہنچ پائے گا؟


پاکستان کے محمد رضوان نے کینیڈا کے خلاف 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے محمد رضوان نے کینیڈا کے خلاف 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
  • پاکستان نے کینیڈا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے تیسرے میچ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔
  • کینیڈا کے 106 رنز کے جواب میں پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
  • ورلڈکپ میں پاکستان کی پہلی کامیابی پر مبصرین اس کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے ممکنات پر بھی غور کر رہے ہیں۔

ویب ڈیسک -- امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے کینیڈا کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اپنے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کیا تھا۔ اب مبصرین پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

منگل کو نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ کینیڈا کے ایرن جانسن سب سے کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 44 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے حارث رؤف اور محمد عامر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

محمد رضوان نے 53 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔ بابر نے 33 رنز بنائے۔ انہوں نے 33 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔

میچ کے بعد گفتگو میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اپنے پلان کے مطابق یہ میچ کھیلا۔ پاکستان ٹیم 14 اوور کے اندر ہدف حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن پچ نے مشکلات پیدا کیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستانی ٹیم کو امریکہ کے مقابلے میں اپنا رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے 13.5 اوورز میں ہدف کا حصول ضروری تھا۔

کینیڈا سے کامیابی حاصل کرنے سے قبل پاکستان اپنے ابتدائی دو میچوں میں امریکہ اور بھارت سے شکست کا سامنا کر چکا ہے۔

پاکستان کا گروپ اسٹیج میں ایک میچ باقی ہے۔ آئرلینڈ کے ساتھ یہ میچ 16 جون کو ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہیل میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اگر اپنا اگلا میچ آئر لینڈ سے جیت جاتا ہے جب کہ بدھ کو بھارت امریکہ کو شکست دے دیتا ہے اور دو دن بعد 14 جون کو آئرلینڈ کو امریکہ کے خلاف کامیابی حاصل ہوتی ہے تو پاکستان کا اگلے مرحلے میں پہنچنے کا امکان ہے۔

اس وقت امریکہ کا رن ریٹ پاکستان کے مقابلے میں بہتر ہے جب کہ امریکہ دو میچوں میں کامیابی کے ساتھ چار پوائنٹس پہلے ہی حاصل کر چکا ہے۔ اگر امریکہ کو اگلے دو میچوں میں شکست ہوئی اور پاکستان نے اگلے میچ میں آئر لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل بھی کر لی اور اس کے بعد امریکہ کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہوا تو بھی پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔

دوسری جانب کینیڈا اپنے تین میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کر چکا ہے جب کہ اس کا ایک میچ باقی ہے اگر اس نے بھارت کے خلاف اس میچ میں کامیابی حاصل کر لی تو اس کے بھی چار پوائنٹس ہو جائیں گے۔ لیکن کینیڈا کا رن ریٹ زیادہ بہتر نہیں ہے اس لیے اس کے آگے بڑھنے کے امکانات کم ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہوگا کہ امریکہ، بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف کیا حکمتِ عملی اختیار کرتا ہے کیوں کہ اس کی ایک بھی کامیابی پاکستان کو ورلڈکپ سے باہر کرنے کے لیے کافی ہے جب کہ کامیابی اسے اگلے مرحلے میں پہنچا دے گی۔

XS
SM
MD
LG