رسائی کے لنکس

الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی صورتِ حال پر اجلاس، 'انتخابات آٹھ فروری کو ہی ہوں گے'

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر کسی کو کوئی شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں۔

16:48 1.2.2024

انتخابات ہر صورت آٹھ فروری کو ہوں گے: نگراں وزیرِ اطلاعات

نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات ہر صورت آٹھ فروری کو ہی ہوں گے۔ نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

جمعرات کو کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے رُکن کا کام گلیاں اور نالیاں بنانا نہیں بلکہ قانون سازی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا راگ الاپنے والی سیاسی جماعتیں اپنی سیاست میں جمہوریت لائیں۔

16:19 1.2.2024

امریکہ کی بلوچستان میں پی ٹی آئی ریلی میں بم حملے کی مذمت

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کو بریفنگ میں بلوچستان میں پی ٹی آئی کی ریلی پر بم کےحملے کے نتیجےمیں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا،“ ہم پاکستان میں پی ٹی آئی پارٹی کی ریلی پر حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کے بلند حوصلوں اور مشکلات سے بحالی کی اہلیت پر یقین رکھتے ہیں۔ “

گزشتہ روز بلوچستان کے شہر سبی میں، پولیس حکام کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کی موٹر سائیکل ریلی میں بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

میتھیو ملر نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان میں مختلف پارٹیوں کے خلاف ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے

15:45 1.2.2024

مسلم لیگ (ق) کا سندھ میں اپنے اُمیدوار پیپلز پارٹی کے حق میں دست بردار کرنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ( ق ) نے سندھ میں اپنے امیدواروں کو پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں دست بردار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ق) سندھ طارق حسن کے مطابق یہ فیصلہ سابق صدر آصف زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والے رابطے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے سندھ سے قومی اسمبلی کے چھ اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 10 اُمیدوار میدان میں تھے۔

15:38 1.2.2024

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتِ حال پر الیکشن کمیشن کا اجلاس

پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال پر الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔

اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کر رہے ہیں۔ اجلاس میں نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز، سیکریٹری داخلہ آفتاب دُرانی کے علاوہ دونوں صوبوں کے اعلٰی پولیس حکام شریک ہیں۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابی اُمیدواروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو باجوڑ میں قومی وصوبائی اسمبلی کے اُمیدوار ریحان جہاں زیب کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔ بلوچستان میں بھی انتخابی اُمیدواروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آٹھ فروری کو عام انتخابا ت کے روز ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آٹھ فروری کو عام تعطیل ہو گی تاکہ ووٹرز آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں چھ فروری سے نو فروری تک تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ پانچ فروری کو 'کشمیر ڈے' کی بھی تعطیل ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG