رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ ملتوی


سپر لیگ کے لوگو کا افتتاح کی گزشتہ ماہ ہونے والی تقریب
سپر لیگ کے لوگو کا افتتاح کی گزشتہ ماہ ہونے والی تقریب

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے کے لیے80 کھلاڑیوں نے دستخط کیے تھے تاہم ان کھلاڑیوں کو اپنے متعقلہ کرکٹ بورڈز سے این او سی حاصل کرنے میں مذید وقت درکار ہے اوریہ عمل جاری ہے۔

پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے 26 مارچ سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ملتوی کر دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف جاری کیے گئےایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ سرمایہ کاروں کی جانب سے فرنچائزز کو خریدنے میں دلچسپی اور ان میں مطابقت پیدا کرنے کے باعث کیا گیا ہے۔

’’ سرمایہ کاروں نے پاکستان سپر لیگ کے لیے دی جانے والی بولی کے سخت شیڈول پر اعتراض کیا تھا جس پر سپر لیگ کے شیڈول میں ردوبدل کیا گیا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ ‘‘

بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے کے لیے80 کھلاڑیوں نے دستخط کیے تھے تاہم ان کھلاڑیوں کو اپنے متعقلہ کرکٹ بورڈز سے این او سی حاصل کرنے میں مذید وقت درکار ہے اوریہ عمل جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس تاثر کو رد کیا کہ اس ٹورنامنٹ کا التوا کسی قسم کے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
’’ سپر لیگ ملتوی کرنے کی وجوہات پی سی بی نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتا دی ہیں اس کے علاوہ کوئی وجہ نہیں‘‘

ترجمان کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی نئی تاریخوں کا اعلان ٹیموں اور کھلاڑیوں کے شیڈول کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد 26 مارچ سے سات اپریل تک ہونا تھا جس کے لئے بھر پور تیاریاں جاری تھیں۔

دوسری جانب کئی ممالک کے کرکٹ بورڈز نے پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال کے باعث کھلاڑیوں کو سپر لیگ میں شرکت سے منع بھی کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بیس، بیس لاکھ ڈالر کا ’انشورنش کور‘ دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف بار بار اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے ذریعے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔

مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سےغیر ملکی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کرتی آئی ہیں جس کی وجہ سے قومی ٹیم نے اپنی زیادہ تر ہوم سیریز متحدہ عرب امارات اور انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلی ہیں۔
XS
SM
MD
LG