وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
لاہور کے حلقہ این اے 131 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سعد رفیق نے حلقے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کی۔
کراچی سے ہمارے نمائندے وسیم صدیقی کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر تین نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جن میں ایک قومی اور دو سندھ اسمبلی کی نشستیں ہیں۔
دو نشستیں کراچی اور تیسری خیرپور سندھ کی ہے۔ کراچی کی جن دونشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے ان میں این اے 243 اور پی ایس 87 ملیر ون ہے۔ پی ایس 30 خیر پور 5 پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔
این اے 243 کراچی شرقی 2 کی نشست وزیرِ اعظم عمران خان نے خالی کی تھی۔ یہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار عالمگیر خان اور ایم کیو ایم کے عامر چشتی کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہاں 216 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے لیکن ٹرن آؤٹ خاصا کم ہے۔
پی ایس 87 ملیر ون پر پیپلز پارٹی کے محمد ساجد اور پی ٹی آئی کے قادر بخش گبول میں مقابلہ ہے۔ ووٹنگ کے لیے یہاں 124 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
پی ایس 30 خیر پور 5 پر بھی 124 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے نو حلقوں پر اتوار کو ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
ان میں بنوں سے قومی اسمبلی کا حلقہ 35، سوات سے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 3 اور 7، صوابی سے حلقہ پی کے 44، مردان کا پی کے 53، نوشہرہ سے پی کے 61 اور 63، پشاور سے پی کے 78 اور ڈیرہ اسماعیل خان کے حلق پی کے 96 اور 97 شامل ہیں۔