|
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر نعمان علی کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نواز دیا گیا ہے۔
نعمان علی نے گزشتہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پاکستان نے مہمان انگلینڈ کو تین میچز کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔
بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے نعمان علی نے سیریز کے دو میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 اعشاریہ آٹھ پانچ کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں نعمان نے 147 رنز کے عوض 11 جب کہ تیسرے میچ میں 130 رنز کے عوض نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نعمان علی کی شاندار پرفارمنس نے اُنہیں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر کگیسو رابادا اور نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر پر برتری دلائی اور وہ 'پلیئر آف دی منتھ' کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
نعمان علی گزشتہ برس اگست میں بابر اعظم کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ ملتان میں کھیلا گیا تھا جس میں انگلش ٹیم نے میزبان کو ایک اننگز سے تاریخی شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان میں بھی کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف ملا تھا۔
نعمان علی کی تباہ کن بالنگ کی بدولت میزبان ٹیم دفاع میں کامیاب رہی تھی۔
آئی سی سی ایوارڈ ملنے پر نعمان علی نے ایک بیان میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ یہ ایوارڈ ملنے پر ساتھی کرکٹرز کے مشکور ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی ہوم سیریز میں ان کی پرفارمنس میں مدد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ملک کے لیے تاریخی فتح حاصل کرنا اور ایسی ٹیم کا حصہ ہونا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری دو میچز کھیلے والے نعمان علی اور اسپنر ساجد خان نے مجموعی طور پر 39 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
فورم