رسائی کے لنکس

امریکہ: نیو جرسی میں بھی ہم جنس شادیوں کی اجازت


نقشے میں امریکہ کی ان ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ہم جنس شادیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے
نقشے میں امریکہ کی ان ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ہم جنس شادیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے

نیوجرسی ہم جنس شادیوں کی اجازت دینے والی امریکہ کی 14 ویں ریاست ہے۔

امریکہ کی ریاست نیو جرسی نے ہم جنس پرستوں کو باہم شادیوں کی قانونی اجازت دیدی ہے۔

ریاستی انتظامیہ نے ہم جنس شادیوں کو قانونی تحفظ ایک عدالتی فیصلے کے تحت دیا ہے جو اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے نافذ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ نیوجرسی کی سپریم کورٹ نے جمعے کو ریاست کے ری پبلکن گورنر کرس کرسٹی کی جانب سے ہم جنس شادیوں کی اجازت موخر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

اپنی درخواست میں گورنر نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ عدالت ہم جنس شادیوں کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف ریاستی انتظامیہ کی جانب سے دائر کی جانےو الی اپیل کی سماعت تک ان شادیوں کو قانونی قرار دینے کا حکم معطل کردے۔

عدالت کی جانب سے گورنر کی اپیل مسترد کیے جانے کے بعد پیر کی صبح سے نیو جرسی میں ہم جنس پرستوں کی باہم شادیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔

ہم جنس شادیوں کو قانونی تحفظ ملنے کے فوری بعد ریاست کے سب سے بڑے شہر نیورک میں ہونے والی ایک تقریب میں درجنوں ہم جنس جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ تقریب کی صدارت نیورک کے سابق میئر اور حال ہی میں ریاست سے امریکی سینیٹ کا انتخاب جیتنے والے کوری بوکر نے کی۔

نیوجرسی ہم جنس شادیوں کی اجازت دینے والی امریکہ کی 14 ویں ریاست ہے۔ اس سے قبل امریکی دارالحکومت واشنگٹن اور 12 دیگر ریاستیں ان شادیوں کو قانونی تسلیم کرچکی ہیں جب کہ کئی دیگر ریاستوں میں بھی اس مقصد کے لیے تحریکیں یا قانون سازی مختلف مراحل میں ہیں۔
XS
SM
MD
LG