رسائی کے لنکس

دی قندھار ہائی جیک: مسلمان ہائی جیکرز کو ہندو دکھانے پر تنازع، نیٹ فلکس کا بیان جاری


  • نیٹ فلکس کی سیریز 'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' 29 اگست کو ریلیز کی گئی۔ سیریز کی کہانی سن 1999 میں انڈین ایئر لائنز کے کھٹمنڈو سے آنے والے طیارے '814' کی ہائی جیکنگ کے گرد گھومتی ہے۔
  • ریلیز کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی کہ سیریز میں ہائی جیکرز کو ہندو دکھایا گیا ہے جب کہ اصل میں ہائی جیکرز مسلمان تھے۔
  • بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس حکام کو طلب بھی کیا تھا۔
  • اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ وہ سیریز میں انتباہی نوٹ کو اپ ڈیٹ کریں گے۔
  • 'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' میں اداکار نصیرالدین شاہ، وجے ورما، پنکج کپور اور دیا مرزا سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ویب ڈیسک _ نیٹ فلکس کی سیریز 'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' میں مسلمان ہائی جیکرز کو ہندو دکھانے پر بھارتی حکومت اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد کمپنی نے سیریز میں انتباہی نوٹ اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' 29 اگست کو ریلیز کی گئی تھی۔ سیریز کی کہانی سن 1999 میں انڈین ایئرلائنز کے کھٹمنڈو سے نئی دہلی جانے والے طیارے '814' کی ہائی جیکنگ کے گرد گھومتی ہے۔

سیریز میں ہائی جیکنگ کی کہانی کو فکشن ورژن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ریلیز کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی کہ سیریز میں ہائی جیکرز کو ہندو دکھایا گیا ہے لیکن وہ حقیقت میں مسلمان تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس حکام کو طلب بھی کیا تھا۔ بعدازاں اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ وہ فوراً سیریز میں انتباہی نوٹ اپ ڈیٹ کریں گے۔

نیٹ فلکس انڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق "سن 1999 میں انڈین ایئر لائنز کے طیارے 814 کے ہائی جیکنگ سے ناواقف سامعین کے لیے ابتدائی نوٹ کو ہائی جیکرز کے اصل اور کوڈ ناموں کے ساتھ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

بھارت میں گزشتہ ہفتے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'ایکس' پر 'بائیکاٹ نیٹ فلکس' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا تھا۔

صارفین سمیت بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے بھی سیریز پر تنقید کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیریز میں ہائی جیکرز کی مثبت تصویر کشی کی گئی ہے جس سے دیکھنے والوں کو یہ محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ہندو تھے۔

بی جے پی کے سوشل میڈیا یونٹ کے سربراہ امت مالویا کا کہنا ہے کہ سیریز میں ہائی جیکرز کے "مجرمانہ ارادے کو جائز" قرار دیا گیا ہے اور لوگوں کو گمراہ کیا گیا ہے کہ وہ یہ سوچیں کہ طیارہ ہندوؤں نے ہائی جیک کیا تھا۔

'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' میں اداکار نصیرالدین شاہ، وجے ورما، پنکج کپور اور دیا مرزا سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

سیریز کی کہانی بھارتی صحافی سرنجوئے چوہدری اور فلائٹ کیپٹن دیوی شرن کی کتاب 'فلائٹ کو فیئر' پر مبنی ہے۔

یاد رہے کہ 1999 میں انڈین ایئر لائنز کے طیارے 814 کو کھٹمنڈو سے نئی دہلی کے لیے اڑان بھرنے کے بعد عسکری تنظیم 'حرکت المجاہدین' نے ہائی جیک کیا تھا۔

'رائٹرز' کے مطابق بھارت نے اس ہائی جیکنگ کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ بعدازاں جہاز اور عملے کی رہائی کے بدلے نئی دہلی نے عسکری تنظیم 'حرکت المجاہدین' کے سربراہ مسعود اظہر سمیت تنظیم کے دیگر تین ممبران کو رہا کیا تھا۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG