رسائی کے لنکس

اسرائیل: یونین کی دھمکی کارگر، نیتن یاہو عدالتی اصلاحات موخر کرنے پر تیار


اسرائیلی پولیس 23 مارچ 2023 کو اسرائیل میں عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے منصوبوں کے خلاف تل ابیب میں احتجاج کے دوران ایک سڑک بلاک کرنے والے مظاہرین کے ساتھ ہاتھا پائی کر رہی ہے۔
اسرائیلی پولیس 23 مارچ 2023 کو اسرائیل میں عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے منصوبوں کے خلاف تل ابیب میں احتجاج کے دوران ایک سڑک بلاک کرنے والے مظاہرین کے ساتھ ہاتھا پائی کر رہی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے پیر کو پارلیمنٹ کے ذریعے متنازعہ عدالتی اصلاحات کے ایک سیٹ کو روکنے کا اعلان کیاہے۔ یہ اقدام ہفتوں کے بڑے مظاہروں کے بعد، اسرائیل کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین کے سربراہ کی طرف سے عام ہڑتال کی کال کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

نیتن یاہو نے مجلس قانون ساز کو بتایا، ’’قومی ذمہ داری کے احساس کے تحت، اپنے عوام میں تفریق ختم کرنےکی خواہش کے تحت، میں نے بل کی دوسر ی اور تیسری خواندگی کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

اسرائیل کی پارلیمنٹ، جسے Knesset کے نام سے جانا جاتا ہے، اگلے ہفتے پاس اوور کے موقع پر تعطیلات کے لیے چلی جائے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اعلان کے بعد، اسرائیل کی مرکزی لیبر یونین نے حکومت کےعدالتی اصلاحات کے منصوبوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال ختم کر دی۔

ہسٹادرٹ لیبر فیڈریشن کے چیئرمین آرنون بار ڈیوڈ نےاس اقدام پر نیتن یاہو کی تعریف کرتے ہوئے کسی ترمیم شدہ اصلاحات میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا، ’’جس ہڑتال کا میں نے آج صبح اعلان کیا تھا، ختم ہو جائے گی‘‘۔

Histadrut Global کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہمیں ہڑتال کی کامیابی کے پیش نظر اسے ختم کرنے پر فخر ہے۔ اگر ہمارے منتخب رہنما اور وزیر اعظم نیتن یاہو ، ہمارے کارکنوں، ہمارے عوام اور ہمارے ملک کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھاتے تو ہم دوبارہ ہڑتال کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

ہزاروں کارکنوں کی نمائندگی کرنے والی ہسٹادرٹ لیبر فیڈریشن نے پیر کے روز ایک الٹی میٹم جاری کیاتھا۔ بار ڈیوڈ نے کہا، ’’ اگر آپ آج ایک نیوز کانفرنس میں یہ اعلان نہیں کرتے کہ آپ نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے، تو ہم ہڑتال پر چلےجائیں گے‘‘۔

یروشلم سے رپورٹنگ کرتے ہوئے، فرانس 24 کی ایرس میکلر نے وضاحت کی کہ اسرائیل میں عام ہڑتال کی کال شاذو نادر ہی دی جاتی ہے۔

’’عوام بات کرچکے ، اور آج ہم نے یونین کی تحریک کو بولتے ہوئے دیکھا،’’ میکلر نے مزید کہا کہ پیر کو ہسٹادرٹ پریس کانفرنس میں جو غیر معمولی مناظر دیکھنے میں آئےوہ اسرائیل کی تاریخ میں شاید ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔

’’یہ کافی دلچسپ پریس کانفرنس تھی کیونکہ ماحول احتجاج کی طرح محسوس ہوتا تھا۔ لوگ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے، وہ ’’جمہوریت، جمہوریت‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے - اور یونین لیڈروں کے ساتھ بزنس لیڈرز بھی تھے۔

انہوں نے کہا۔ ’’ ہر طرف افراتفری ہے۔ اساتذہ کی ہڑتال، اسکول بند ہیں، اور اب، عام ہڑتال کا امکان ہے‘‘۔

قبل ازیں پیر کے روز، اسرائیلی صدر ہرزوگ نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ عدلیہ میں اصلاحات کے اپنے منصوبوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کو روکے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’’اسرائیلی عوام کے اتحاد کی خاطر، ذمہ داری کی خاطر، میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ قانون سازی کے عمل کو فوری طور پر روک دیں‘‘۔

ہرزوگ نے یہ اپیل ہفتے کےاختتام پر بڑے پیمانے پر ہونے والے اس احتجاج کے بعد کی جس میں نتن یاہو کے اپنے وزیر دفاع کو برطرف کرنے کے بعد لاکھوں مظاہرین سڑکوں پر آگئےتھے‘‘۔

نیتن یاہو کے منصوبے کےناقدین کا کہنا ہے کہ اصلاحات سے اسرائیل کی جمہوریت کو خطرہ ہے، لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ قانون سازوں اور عدلیہ کے درمیان اختیارات میں توازن کے لیے تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

(اس رپورٹ کے لئے معلومات ایجنسی فرانس سے لی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG