کراچی سے ہمارے نمائندے خلیل احمد کے مطابق شہر میں گرجا گھروں کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
کراچی میں ہڑتال سے معمولاتِ زندگی معطل
مذہبی جماعتوں کی اپیل پر کراچی کے بیشتر علاقوں میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کہیں کم ہے۔ شہر میں شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، لیاقت آباد، ماڑی پور روڈ، کورنگی، کلفٹن، اور لگ بھگ 20 سے زائد دیگر اہم مقامات، شاہراہیں اور چوک احتجاج کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
شہر کے بیشتر بڑے بازار مسلسل تیسرے روز بھی بند ہیں جب کہ بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپ بھی نہیں کھلے ہیں۔
بیشتر موٹرویز بند
موٹروے پولیس کے اعلامیے کے مطابق پشاور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور جانے والی موٹرویز احتجاج کے باعث ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں جب کہ لاہور سے شیخوپورہ کے ہرن مینار تک موٹروے کا حصہ بھی بند کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 'ایم 3' اور 'ایم 4' موٹرویز مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
پاکستانی کشمیر میں بھی تعلیمی ادارے اور بازار بند
مظفر آباد سے ہمارے نمائندے روشن مغل کے مطابق دینی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دارالحکومت مظفر آباد کی ایک مرکزی شاہراہ بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔