رسائی کے لنکس

ملتان: عامر ڈوگر نے ضمنی انتخاب جیت لیا، جاوید ہاشمی ہار گئے


میڈیا سے گفتگو میں جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ: ’انتخابی نتائج میرے حق میں نہیں۔ جیتنے والے امیدوار کو میں مبارکباد دیتا ہوں۔ کنٹینرز کے ذریعے حکومتیں نہیں بدلی جاتیں۔ تبدیلی کا واحد راستہ انتخابات ہیں‘

کراچی ۔۔صوبہٴپنجاب سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 149 ملتان 2آزاد امیدوار کی حیثیت سے ضمنی انتخاب لڑنے والے عامر ڈوگر نے جیت لی ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز اور سرکاری ٹیلیوژن، پی ٹی وی کا کہنا ہے کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری تنائج کا اعلان ریٹرننگ آفیسر محمد شاہد نے کیا۔ جن کے مطابق، عامر ڈوگر نے 52 ہزار 3سو 21 ووٹ لئے جبکہ ان کے مقابلے میں جاوید ہاشمی نے 38 ہزار 3 سو 93 ووٹ حاصل کئے۔

جاوید ہاشمی نے ضمنی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ جمعرات کی شام انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ،’انتخابی نتائج میرے حق میں نہیں۔ جتنے والے امیدوار کو میں مبارکباد دیتا ہوں۔ کنٹینرز کے ذریعے حکومتیں نہیں بدلی جاتیں۔ تبدیلی کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔‘

جاوید ہاشمی نے سال2013ء میں ہونے والے انتخابات میں یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے جیتی تھی۔ تاہم، حال ہی میں انہوں نے پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد جمعرات کو اس نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے اور جاوید ہاشمی نے ایک مرتبہ پھر اس نشست پر انتخاب لڑا۔

جاوید ہاشمی کے مقابلے میں عامر ڈوگر کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی اور پی ٹی آئی نے حال ہی میں ان کے حق میں ملتان میں ایک عوامی جلسہ بھی کیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 998 تھی۔ جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے کل 286 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔

این اے 149 ملتان 2کی نشست پر انتخاب لڑنے والے امیدواروں کی کل تعدادایک درجن سے بھی زیادہ تھی۔ تاہم، عامر ڈوگر اور جاوید ہاشمی کا آپس میں کانٹے کا مقابلہ تھا جو بلآخر عامر ڈوگر نے جیت لیا۔

دونوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا، جبکہ پیپلز پارٹی نے اس نشست پر انتخاب لڑنے کے لئے ڈاکٹر جاوید صدیقی کو ٹکٹ دیا تھا۔

پولنگ کے دوران بعض مقامات سے عامر ڈوگر اور جاوید ہاشمی کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں تاہم کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر پرامن پولنگ ہوئی۔

XS
SM
MD
LG