عراق و شام میں داعش کے شدت پسندوں کے خلاف برسرپیکار اتحادی فورسز نے موصل کے اس اسپتال کو ارادی طور پر ایک فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا ہے جس میں داعش کے جنگجو چھپے ہوئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام عراقی فورسز کو داعش کے جنگجوؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
امریکہ کے قیادت میں اتحاد نے کہا کہ السلام ہاسپٹل کمپلیکس کے اندر واقع ایک عمارت سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ اور داغے جانے والے راکٹوں کی زد میں آنے کے بعد عراقی فورسز نے " فوری امداد" کی درخواست کی تھی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں کتنے لوگ ہلاک و زخمی ہوئے۔
عراق میں امریکہ کی زیر قیادت اتحاد کے مطابق شدت پسند گروپ اس اسپتال کو اپنے کمانڈ اور کنٹرول کے ایک مرکزی دفتر کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران خاص طور پر اس مقام کا نشانہ بنایا گیا جہاں سے داعش کے جنگجو عراقی فورسز پر فائرنگ کر رہے تھے۔
اتحاد نے کہا کہ ایسی کارروائیوں میں ’’ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں‘‘ تاکہ عام شہریوں کا جانی نقصان کم سے کم ہو۔