رسائی کے لنکس

امریکہ: برف باری کا سلسلہ جاری، معمولات زندگی متاثر


نیویارک ہاربر، دریائے ہڈسن میں جمی ہوئی برف کی تہ
نیویارک ہاربر، دریائے ہڈسن میں جمی ہوئی برف کی تہ

نیشنل ویدر سروس کے مطابق، یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا اور اتوار کی صبح شمال مشرقی علاقے میں مزید چھ انچ برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نہ صرف یہ، بلکہ سردی کی یہ لہر آئندہ ہفتے بھی جاری رہے گی، جب اس خطے میں شدید سرد ہوائیں چلیں گی

واشنگٹن، ورجنیا اور میری لینڈ سمت رچمنڈ سے بوسٹن تک کا مشرقی ساحلی علاقہ ہفتے کے روز طوفانی ہوائوں اور برف باری کی زد میں رہا؛ جب کہ شدید سردی کے موسم کا یہ سلسلہ جنوب میں شمالی جورجیا تک جاری رہا، جب کہ نیو انگلینڈ کے علاقے میں، جہاں پہلے ہی آٹھ فٹ تک برف جمی ہوئی ہے، مزید برف باری ہوئی۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق، یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا اور اتوار کی صبح شمال مشرقی علاقے میں مزید چھ انچ برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

نہ صرف یہ، بلکہ سردی کی یہ لہر آئندہ ہفتے بھی جاری رہے گی، جب اس خطے میں شدید سرد ہوائیں چلیں گی۔

آج کے طوفان کے باعث، عام معمولات زندگی متاثر ہوئے جب کہ کاروباری سرگرمی رک سی گئی ہے۔ اختتام ہفتہ، لوگوں نے سفر سے اجتناب کیا اور زیادہ تر گھروں ہی پر رہے۔

ادھر، ٹنیسی میں بارش اور درجہ حرارت میں اضافے کے بعد، اہل کاروں نے انتباہ جاری کیا ہے کہ برف پگلنے پر سیلابی صورت حال پیدا ہوگی۔

ہفتے کو واشنگٹن میں چار سے چھ انچ تک برف پڑی۔ حکام نے گاڑی چلانے والوں سے سفر سے اجتناب کے لیے کہا تھا، جہاں پہلی برف ابھی گلی نہیں، کہ نئی برف کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ فلاڈیلفیا اور نیویارک سٹی میں بھی سڑکوں پر برف جم چکی ہے۔

نیو جرسی کے شہر مائونٹ ہولی میں قائم 'نیشنل ویدر سروس' کے دفتر کے ماہر موسمیات، لانس فرانک کے بقول، قطبی ہوائوں کا یہ سلسلہ جس کے باعث طوفان اور برف باری جاری رہی ہے، 'ابھی ٹلا نہیں ہے'۔

وفاقی ہوابازی کے ادارے کی خاتون ترجمان، میری فلینری نے ہفتے کو ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ فلاڈیلفیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دھند اور تیز طوفانی ہوائوں کے نتیجے میں پروازوں کی اُڑان متاثر رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس ہوائی اڈے سے پرواز کرنے اور اترنے والی 20 فی صد فلائیٹس منسوخ کی گئیںٍ، جب کہ باقی تاخیر کا شکار رہیں۔ ساتھ ہی، ادارے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے، بوسٹن کے لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ؛ نیویارک کے جے ایف کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ٹنیسی کے میمفس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کے شڈول میں تاخیر برقرار رہی۔

شمال مشرقی علاقے میں آٹھ انچ تک برف باری ہوئی؛ جب کہ جنوب اور ساحل کے قریب کے خطے میں، برف، سلیٹ اور برفانی بارش ہوتی رہی۔

ادھر کولوراڈو کے کچھ حصوں میں آئندہ ہفتے کے دوران دو فٹ تک برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے؛ جب کہ فرنٹ رینج میں ہفتے کو ایک گھنٹے میں تین انچ کی رفتار سے برف باری ہوئی۔

گذشتہ ہفتوں کے دوران، نیو انگلینڈ میں اب تک آٹھ فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے؛ جب کہ مزید چھ انچ برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG