رسائی کے لنکس

اٹلی میں مزید 427 ہلاکتیں، کل تعداد چین سے زیادہ


Italy Coffins
Italy Coffins

اٹلی میں کرونا وائرس کی وجہ سے جمعرات کو مزید 427 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس طرح یورپی یونین کے اس رکن ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3405 ہوگئی ہے جو چین میں 3245 ہلاکتوں سے زیادہ ہے۔

اٹلی میں جمعرات کو حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے مزید 3405 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 427 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ صرف گزشتہ پانچ دن میں 1915 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ملک میں مریضوں کی کل تعداد 41 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ یوں نہ صرف ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ ہوئی ہے بلکہ ان کی شرح بھی دوگنا سے زیادہ ہے۔ چین میں وائرس کے کیسز کی تعداد 81 ہزار سے کم ہے جبکہ گزشتہ روز وہاں ایک بھی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
یورپی یونین ہی کے ایک اور رکن ملک سپین میں جمعرات کو 165 ہلاکتیں ہوئیں جو ایران میں 149 ہلاکتوں سے زیادہ ہے۔ سپین میں 2600 سے زیادہ نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 17 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں ایک ہزار سے کچھ زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں اور وہاں کل تعداد 18 ہزار سے زیادہ ہے۔

امریکہ میں بھی کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 ہلاکتوں اور 2 ہزار سے زیادہ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہاں 11 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں اور 171 افراد ہلاک ہوئے ہیں.

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق بدھ کی طرح جمعرات کو بھی دنیا بھر میں 18 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور اب 177 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 2 لاکھ 36 ہزار ہوچکی ہے۔9800 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 86 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG