اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں سائرن کی آوازیں
اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں منگل کو ممکنہ راکٹ حملوں کے لیے سائرن بجائے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حیفا، زخرونِ یعقوب، پردیس حنا، کیسریا، یوکنیم سمیت کئی علاقوں میں سائرن بجنے پر اسرائیلی شہری حفاظتی شیلٹرز کی طرف بھاگے۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے دو راکٹ ان علاقوں پر داغے جانے کی نشان دہی ہے۔
فوری طور پر کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
جنوبی اسرائیل کے شہر اسدود میں فائرنگ کی اطلاع
اسرائیل کے جنوبی شہر اسدود میں فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو پولیس نے ہلاک کر دیا ہے۔
مسلح شخص نے پولیس پر بھی فائرنگ کی تھی۔ حکام نے تاحال حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔
اسرائیلی شہر اسدود میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، چار زخمی
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسدود شہر میں ہونے والی فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
حکام نے دیگر چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا تھا جب کہ قریبی علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
حکام کو دوسرا حملہ آور ہونے کا اندیشہ ہے۔
اسدود میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والا پولیس اہلکار تھا
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسدود شہر میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والا شخص پولیس اہلکار ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسدود کی ہائی وے پر حملہ کرنے والا مسلح شخص پیدل ہی اس مقام تک آیا تھا۔ اس نے پولیس پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر اہلکار زخمی ہوا تھا۔ اس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جب راستے میں اس کی موت ہو گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پہلے پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں اس نے عام شہریوں کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی۔
حکام حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کر چکے ہیں تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔