رسائی کے لنکس

جنگ کے باعث لبنان میں چار لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں: اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے (یونیسیف) نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کی وجہ سے بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں اور بہت سے اسکولز کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

13:50 15.10.2024

جنوبی اسرائیل کے شہر اسدود میں فائرنگ کی اطلاع

اسرائیل کے جنوبی شہر اسدود میں فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو پولیس نے ہلاک کر دیا ہے۔

مسلح شخص نے پولیس پر بھی فائرنگ کی تھی۔ حکام نے تاحال حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

13:45 15.10.2024

اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں سائرن کی آوازیں

اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں منگل کو ممکنہ راکٹ حملوں کے لیے سائرن بجائے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حیفا، زخرونِ یعقوب، پردیس حنا، کیسریا، یوکنیم سمیت کئی علاقوں میں سائرن بجنے پر اسرائیلی شہری حفاظتی شیلٹرز کی طرف بھاگے۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج نے دو راکٹ ان علاقوں پر داغے جانے کی نشان دہی ہے۔

فوری طور پر کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

13:38 15.10.2024

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 15 اموات

غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی علاقوں میں اسرائیل کی بمباری میں مزید 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

13:35 15.10.2024

کیا اسرائیل کو دفاعی نظام کے لیے راکٹوں کی کمی کا سامنا ہے؟

اسرائیل کو دفاعی نظام کے لیے ممکنہ طور پر راکٹوں اور میزائلوں کی کمی کا سامنا ہونے کی رپورٹس آ رہی ہیں۔

برطانیہ سے شائع ہونے والے اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ اور لبنان میں ایک سال سے جنگ میں مصروف اسرائیل کی اب ایران سے کشیدگی بڑھ چکی ہے اور ممکنہ طور پر وہ تہران کے خلاف کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ ان حالات میں اسرائیل کے دفاعی نظام کے لیے اس کو انٹرسیپٹرز کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹس میں فوج کے سابق اعلیٰ حکام اور ماہرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکہ اسرائیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ البتہ اسرائیل کو یہ فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے کہ وہ کن اہداف اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے دفاعی نظام کو استعمال کرے۔

مبصرین کے مطابق اسرائیل کو جنگ کے لیے درکار ساز و سامان کی کمی ایک سنگین معاملہ ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل کے ممکنہ حملے پر کارروائی کی اور اسی جوابی حملے میں لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ بھی شامل ہو گئی تو اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔

اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق کمپنی ’اسرائیل ایئرو اسپیس انڈسٹریز‘فوج کے دفاعی نظام لیے درکار انٹرسیپٹرز بناتی ہے۔ اس کے سربراہ بواز لیو کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کے کچھ حصے ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ہمارا مقصد اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG