نیو یارک میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاج، 200 مظاہرین گرفتار
امریکہ کے معاشی حب نیو یارک کی پولیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خلاف لگ بھگ 200 مظاہرین نے نیویارک کے اسٹاک ایکسچینج کے باہر احتجاج کیا۔
مین ہٹن کی ایک اہم عمارت اسٹاک ایکسچینج کے سامنے احتجاج کے دوران مظاہرین جنگ بندی اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین میں سے کسی نے بھی عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہیں کی۔
اس موقع پر اسرائیل کے حق میں بھی ایک چھوٹا سا مظاہرہ ہوا جس میں شریک افراد نے اسرائیلی پرچم تھامے ہوئے تھے۔
فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کے شرکا اس وقت تک اسٹاک ایکسچینج کے باہر موجود تھے جب تک انہیں حراست میں نہیں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس نے 200 مظاہرین کو حراست میں لیا ہے۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان گرفتار افراد پر کیا الزامات لگائے گئے ہیں۔
لبنان میں تین ہفتوں میں چار لاکھ بچے بے گھر
اقوامِ متحدہ کی بچوں کی بہبود سے متعلق ایجنسی یونیسیف کا کہنا ہے کہ لبنان میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران لگ بھگ چار لاکھ بچے بے گھر ہوئے ہیں۔
اسرائیل اور لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان جاری جنگ کے باعث لبنان کے لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
یونیسیف کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیڈ چائیبن نے پیر کو بیروت میں ان اسکولوں کا دورہ کیا جہاں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہیں بنائی گئی ہیں۔
انہو ں نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو چیز سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی ہے وہ یہ ہے کہ اس وقت جنگ کو تین ہفتے ہوئے ہیں اور بہت زیادہ بچے متاثر ہو چکے ہیں۔