شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینک مزید آگے بڑھ گئے
اسرائیل کی فوج غزہ کے شمالی علاقوں میں اپنی فوجی کارروائی کو مزید وسعت دے رہی ہے۔
غزہ سٹی میں اس کے ٹینک شمالی سرحدی علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔
غزہ سٹی کی شمالی سرحد پر شیخ رضوان کے علاقے اور اس کے قریبی آبادیوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کو نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فوج نے بیت الحنون، جبالیہ اور بیت الاہیہ کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع کر دیا ہے۔
ان کے بقول ان علاقوں سے کسی کو دوسری جانب منتقل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ صرف ان خاندانوں کو جانے کی اجازت دی جا رہی ہے جو یہاں سے انخلا کرنا چاہتے ہیں۔
امریکہ کا فوج اور ایڈوانس اینٹی میزائل سسٹم اسرائیل بھیجنے کا اعلان
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے فوجی اہلکار اور ایڈوانس اینٹی میزائل سسٹم اسرائیل بھیجے گا۔
امریکہ کی جانب سے یہ اعلان اتوار کو سامنے آیا ہے۔ امریکہ کے مطابق اس انتہائی غیر معمولی تعیناتی کا مقصد ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد اس کے فضائی دفاع کو مضبوط کرنا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسرائیل کا دفاع کرنا ہے۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل ایران نے اسرائیل پر لگ بھگ 180 میزائل داغے تھے جن میں سے بیشتر کواسرائیلی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا تھا جب کہ بعض میزائل زمین پر بھی گرے تھے۔
اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل ایران کے حملوں کا جواب دے گا اور ایرانی تنصیابات کو نشانہ بنائے گا۔