غزہ میں اسرائیل کے مزید تین اہلکار ہلاک
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقوں میں لڑائی کے دوران اس کے مزید تین اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق جمعرات کو ان اہلکاروں کی اموات اس وقت ہوئیں جب ان کی عسکریت پسندوں سے جھڑپ ہوئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ میں ایک میجر اور دو اہلکار مارے گئے۔
گزشتہ برس سات اکتوبر کے بعد غزہ میں شروع کی گئی زمینی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کے 353 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا اسلامی جہاد کے کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی کنارے میں کی گئی ایک کارروائی میں فلسطینی عسکری گروہ اسلامی جہاد کے ایک اعلیٰ کمانڈرمحمد عبد اللہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے جمعے کی صبح مغربی کنارے میں قائم نور الشمس مہاجرین کیمپ میں کارروائی کی تھی۔
اسلامی جہاد غزہ کی عسکری تنظیم حماس کی حامی ہے اور دونوں مشترکہ طور پر کارروائیاں کرتی رہی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا اسرائیلی فورسز پر حملوں کا الزام
لبنان میں موجود اقوامِ متحدہ کے امن مشن (یو این آئی ایف آئی ایل) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی بعض تنصیبات اسرائیلی فوج کے حملوں کی زد میں آئی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان کے جنوب میں واقع الناقورہ میں امن فوج کی ایک چوکی پر اسرائیلی ٹینک نے براہ راست گولہ داغا ہے اور اس بنکر پر بھی اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا ہے جس میں امن فوج کے اہلکار کسی خطرے کی صورت میں پناہ لیتے ہیں۔
بیان میں اسرائیلی فورسز پر اقوامِ متحدہ کی امن فوج کی گاڑیوں اور کمیونیکیشن کے آلات کو تباہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
اٹلی کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں امن فوج کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔
اسرائیلی فورسز نے بھی تسلیم کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ان کی فائرنگ کی زد میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا ایک اڈہ آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے امن دستوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کے لیے متنبہ کر دیا تھا۔
بیروت پر اسرائیلی حملے میں 22 افراد ہلاک
لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ دارالحکومت بیروت پر جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اسرائیل کے فضائی حملوں میں 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت نے ان حملوں میں 117 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے دو مقامات پر بمباری کی ہے جس رہائشی عمارتیں نشانہ بنی ہیں۔
حزب اللہ کے زیرِ انتظام ٹی وی چینل ’المنار‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر وافق صفا کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے تاہم وہ ان فضائی حملوں میں محفوظ رہے ہیں۔