اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ہیڈ کوارٹر پر گولہ باری کی: اقوامِ متحدہ امن فورس کا الزام
لبنان مین اقوام متحدہ کی بین الاقوامی امن فورس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے اس کے ہیڈ کوارٹر پر ٹینک سے گولہ باری کی ہے۔
امن فورس کے مطابق یہ حملہ جنوبی لبنان میں اس کے ہیڈکوارٹر پر کیا گیا ہے۔ جس میں ایک دو اہل کار زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مرکاوا ٹینک سے گولہ باری کی گئی تھی جس سے دو اہل کار زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی
فلسطینی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسکول میں شیلٹر پر اسرائیل کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 ہوئی گئی ہے۔
ریڈ کراس کے مطابق اسرائیل نے یہ حملہ وسطی غزہ دیر البلح علاقے میں رفیدا اسکول کی عمارت پر کیا تھا جہاں بے گھر ہونے والے افراد کی پناہ گاہ بنائی گئی تھی۔
تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے عمارت میں موجود عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں عام شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے سے 21 افراد ہلاک
فلسطینی طبی حکام کا کہنا ہے غزہ کے ایک اسکول میں قائم شیلٹر پر اسرائیل کے حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ حملہ وسطی غزہ کے دیر البلح علاقے میں کیا گیا ہے اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک نمائندے کے مطابق ایمولینسز الاقصیٰ اسپتال کی جانب جاتے ہوئے دیکھی گئی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شیلٹر میں حماس کی پولیس کی ایک عارضی چوکی قائم تھی۔
شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیل کے حملے میں پانچ ریسکیو ورکر ہلاک ہوئے ہیں: لبنان
لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایک حملے میں پانچ ایمرجنسی ورکر ہلاک ہو گئے ہیں۔
بیان کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان میں سرحد سے 10 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں شہری دفاع کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا ہے جس میں طبی عملے اور ریسکو ورکرزسمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہے جب کہ لبنان کے نگران وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے امریکہ اور فرانس سے رابطے کیے جارہے ہیں۔