اسرائیل کا حزب اللہ کے دو کمانڈرز ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک حملے میں حزب اللہ کے دو کمانڈر ہلاک کردیے ہیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے کمانڈر احمد مصطفیٰ الحاج علی شمالی اسرائیل پر فائر کیے گئے سیکڑوں میزائل اور ٹینک شکن میزائل کے حملوں کے ذمے دار تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق دوسرے کمانڈر محمد علی حمدان جنوبی لبنان میں ٹینک شکن یونٹ کے کمانڈر تھے۔
حماس کا اسرائیل پر غزہ کے ٹی وی نیٹ ورک کے کیمرہ مین کو ہلاک کرنے کا الزام
حماس نے الزام عائد کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے ایک کیمرہ مین کو ہلاک کردیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے بھی اسرائیل پر شمالی غزہ میں اپنے ایک صحافی کو زخمی کرنے کا الزام عائد کی ہے۔
ہلاک ہونے والے کیمرہ مین محمد التنانی کا تعلق الاقصی ٹی وی سے بتایا جاتا ہے۔
اسرائیل نے صوبۂ حمس کے صنعتی علاقے پر حملہ کیا ہے: شام
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے ’سانا‘ کے مطابق اسرائیل نے حمس صوبے کے ایک صنعتی علاقے پر حملہ کیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملے میں گاڑیاں بنانے والی ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سانا کے مطابق صنعتی علاقے کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے حملے میں فیکٹری کے علاوہ امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد اور ایران کے وزیرِ خارجہ کی ملاقات
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی والی عہد محمد بن سلمان اور ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی ہے۔
اس سے قبل ایک سینئر ایرانی عہدے دار نے کہا تھا کہ عباس عراقچی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دو طرفہ امور کے ساتھ ساتھ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کی کوششوں پر بھی بات کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی وزیرِ خارجہ بعدازں قطر کا دورہ بھی کریں گے۔
خطے میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والی ریاستوں سعودی عرب اور ایران کے بدھ کو ہونے والے اعلیٰ سطح کے اس رابطے کو مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔