رسائی کے لنکس

حزب اللہ کے متوقع سربراہ بھی شاید مارے گئے ہیں: اسرائیل کا دعویٰ

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا اس وقت کوئی سربراہ نہیں ہے۔ حسن نصراللہ مارے جا چکے ہیں جب کہ اُن کے متبادل کے بارے میں بھی امکان یہی ہے کہ اُنہیں بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

10:55 8.10.2024

امریکہ اور اسرائیل کے وزرائے دفاع کا رابطہ رہتا ہے: پینٹاگون

امریکہ کے محکمۂ دفاع (پینٹاگون) نے کہا ہے کہ امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن کا اسرائیلی ہم منصب یوو گلینٹ سے رابطہ رہتا ہے اور وہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کرتے رہتے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو میں پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے دفاع کے رابطوں میں اسرائیل کے ممکنہ اقدامات زیرِ بحث آتے رہتے ہیں۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ یوو گلینٹ آئندہ ہفتے لائیڈ آسٹن سے پینٹاگون میں ملاقات کریں گے۔

10:52 8.10.2024

اسرائیلی فوج کا لبنان کے ساحلی علاقے خالی کرنے کا انتباہ

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی ساحل پر جلد ہی آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ لبنان کے شہری ساحلی علاقے اور سمندر سے دور رہیں۔

پیر کو جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان کے ماہی گیر اور سمندری حدود استعمال کرنے والے دیگر افراد شمالی اسرائیل کے ساتھ سرحدی علاقے اور سمندر میں 40 کلومیٹر کی دوری پر رہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ لوگ جو سمندر میں جائیں گے اور کشتیاں استعمال کریں گے وہ اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے۔

10:51 8.10.2024

فرانس کے صدر کی یرغمالوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے غزہ میں یرغمال فرانس کے کی شہریت رکھنے والے افراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

حماس نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے دوران ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنایا تھا جن میں سے سو سے زائد کو رہا کیا جا چکا ہے جب کہ متعدد کی اموات ہو چکی ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کی تحویل میں ساٹھ سے زائد یرغمالی موجود ہیں۔

حماس کی تحویل میں موجود یرغمالوں میں فرانس کی شہریت رکھنے والے دو افراد بھی شامل ہیں۔ ان دونوں افراد کے اہلِ خانہ سے صدر ایمانوئل میکرون نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ فرانس کی حکومت غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

10:48 8.10.2024

لبنان سے برازیل کے شہریوں کا انخلا جاری

برازیل کی حکومت لبنان سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔

برازیلی فضائیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق لبنان سے دوسرا طیارہ شہریوں کو لے کر برازیل پہنچ گیا ہے۔

بیان کے مطابق برازیل کی ایئرفورس کے اس طیارے میں 49 بچوں سمیت 227 شہری سوار تھے۔

واضح رہے کہ لبنان میں برازیل کے لگ بھگ 21 ہزار شہری موجود ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG