رسائی کے لنکس

ماہرہ خان کی بزنس مین سے شادی، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل


پاکستانی فلم اور ٹی وی کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان بزنس مین سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔

اداکارہ کی شادی کے حوالے سے کئی روز سے افواہیں زیرِ گردش تھیں البتہ اتوار کو ان کی منیجر انوشے طلحہ خان نے ان کی شادی کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان نےسفید رنگ کا عروسی جوڑا پہن رکھا ہے۔

ماہرہ خان کی شادی کی تقریب سیاحتی مقام بھوربن کے ایک ہوٹل میں ہوئی جس میں جوڑے کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔

سلیم کریم کون ہیں؟

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم ایک بزنس مین ہیں جو 'سم پیسہ' نامی ٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں ۔

دونوں کی پہلی ملاقات 2017 میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'ٹیپ میڈ' کی لانچ پر ہوئی تھی جہاں دونوں بطور مہمان مدعو تھے۔

بعد ازاں ماہرہ خان اور سلیم کریم کے حوالے سے کئی بار خبریں منظر عام پر آئیں لیکن اداکارہ نے اس بارے میں کبھی کھل کر بات نہیں کی۔

ماہرہ نے 2020 میں اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کودیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے اور سلیم کریم کے تعلق کے بارے میں تائید کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کے چاہنے والوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ماہرہ خان نے 2011 میں فلم 'بول' اور ٹی وی ڈرامہ 'ہم سفر' سے بطور اداکارہ اپنا کریئر شروع کیا تھا۔

اس سے قبل وہ بطور وی جے مختلف میوزک چینل کے ساتھ منسلک تھیں اور حال ہی میں انہوں نے پروڈکشن کی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے۔

ماہرہ خان 2017 میں بالی وڈ میں شاہ رخ خان کے ساتھ 'رئیس' نامی فلم میں بھی کام کرچکی ہیں جب کہ انہوں نے پاکستانی بلاک بسٹر فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ان کی مقبول فلموں میں قائدِ اعظم زندہ باد، سپر اسٹار، ہو من جہاں ، سات دن محبت ان اور بن روئے شامل ہیں۔

ماہرہ خان کی2007 میں علی عسکری سے شادی ہوئی تھی جو 2015 تک قائم رہی۔ ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG