رسائی کے لنکس

جعفر ایکسپریس حملہ: فوج کا آپریشن مکمل کرنے اور یرغمالوں کی رہائی کا دعویٰ

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام 33 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

15:55 12.3.2025

50 کے قریب شدت پسندوں نے ٹریک کو اڑایا اور جعفر ایکسپریس پر راکٹوں سے حملہ کیا: سیکیورٹی ذرائع

بلوچستان میں مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد دوسرے روز بھی یرغمالوں کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کو لگ بھگ 50 علیحدگی پسندوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑایا اور جعفر ایکسپریس پر راکٹوں سے حملہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین میں چار سو سے زیادہ مسافر سوار تھے۔

16:05 12.3.2025

بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مبینہ ویڈیو جاری کردی

بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ایک مبینہ ویڈیو جاری کی ہے۔

بی ایل اے کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑوں کے درمیان سے گزرنے والی ٹرین کے ٹریک پر دھماکہ ہوتا ہے جس کے بعد ٹرین رک جاتی ہے۔

حملے کی مبینہ ویڈیو میں بی ایل اے کے عسکریت پسند کو پہاڑ پر پوزیشن لیے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

بی ایل اے کی جاری کردہ ویڈیو میں ٹرین کے رک جانے کے بعد باہر متعدد افراد کو زمین پر بیٹھے اور مسلح افراد کو گشت کرتے دکھایا گیا ہے۔

17:38 12.3.2025

بی ایل اے کا جعفر ایکسپریس پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں سے جعفر ایکسپریس اور اس میں موجود یرغمالوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا ہے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ "دشمن کے 200 سے زائد حاضر سروس فوجی، انٹیلی جینس ایجنٹس، پولیس اور نیم فوجی اہلکار بی ایل اے کی تحویل میں ہیں۔"

ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے نے بین الاقوامی جنگی قوانین اور انسانی حقوق کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ریاست کو قیدیوں کے تبادلے کے لیے 48 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔ تاہم 'قابض' ریاست کی ہٹ دھرمی، بے حسی اور مسلسل تاخیری حربے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ پاکستان اپنے ہی فوجی اہلکاروں کی زندگیاں بچانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر یہی رویہ برقرار رہا تو مہلت ختم ہونے کے بعد ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ پانچ یرغمالوں کو بلوچ قومی عدالت کے فیصلے کے مطابق سزا دی جائے گی۔


18:24 12.3.2025

گیارہ یرغمال عسکریت پسندوں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب

جعفر ایکسپریس پر حملے میں یرغمال بنائے گئے مسافروں میں شامل 11 افراد فرار ہو کر کوئٹہ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ 11 افراد کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ چکے ہیں۔

حکام کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کے چنگل سے 13 افراد فرار ہوئے تھے تاہم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ان میں سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

یہ دونوں زخمی افراد بھی کوئٹہ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جنہیں فوج کے زیرِ انتظام اسپتال سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG