چینی سفیر کے بیان پر پاکستان کی حیرت: کیا اعلٰی سطح رابطوں کے باوجود بداعتمادی برقرار ہے؟
- By علی فرقان
پاکستان نے چین کے سفیر کی جانب سے اپنے شہریوں کے تحفظ سے متعلق بیان کو سفارتی روایات کے برعکس اور حیران کن قرار دیا ہے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وائس آف امریکہ کی سارہ زمان کے سوال پر کہا کہ پاکستانی قیادت نے چین کی اعلی قیادت کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ ان کے شہریوں اور منصوبوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر چینی شہریوں پر حملے افسوس ناک ہیں جس پر چینی عوام اور حکومت کی تشویش سے آگاہ ہیں۔ پاکستان نے چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات سے متعلق چینی حکام کو آگاہ رکھا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا تھا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی سی پیک کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور چھ ماہ میں چینی شہریوں پر دو مہلک حملے 'ناقابلِ قبول' ہیں۔
چینی سفیر کا یہ بیان مقامی ذرائع ابلاغ میں زیر بحث رہا اور ذرائع بتاتے ہیں کہ پاکستان کے حکومتی حلقوں میں چینی سفیر کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔