رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی کا احتجاج: اسلام آباد اور لاہور میں پولیس کی پکڑ دھکڑ

کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ بلیو ایریا کے قریب پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی ہوا۔

14:08

حالات کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات ہوں گے: اسلام آباد انتظامیہ کا مراسلہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے فوج کو دیے گئے اختیارات کا مراسلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق صورتِ حال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

مراسلے کے مطابق مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔

اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران امن و امان کی صورتِ حال برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت نے 5 سے 17 اکتوبر تک فوج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد جمعے کو رات گئے فوج تعینات کردی گئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کے مراسلے کے مطابق شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ فوج کو پولیس کی غیر موجودگی میں ایسے شخص کو حراست میں لینے کا بھی اختیار ہو گا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے گا جب کہ شر پسندوں کی موجودگی یا خطرات کی اطلاع پر کارروائی کی جائے گی۔

14:07

اسلام آباد میں راستے بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے احتجاج کے پیشِ نظر دوسرے روز بھی مختلف راستوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے عاصم علی رانا کے مطابق راستوں کی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا قافلہ واپس نہیں چلا جاتا۔

وفاقی دارالحکومت میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ بھی صورتِ حال کا جائزہ لے کر کیا جائے گا۔

14:05

فون کالز ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

لاہور ہائی کورٹ نے حساس اداروں کو شہریوں کی فون کالز ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ 10 اکتوبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے حساس اداروں کو فون کالز ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے کے وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا تھا۔

عدالتِ عالیہ کے فل بینچ نے مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہونے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔

14:04

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

ہفتے کو اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے فواد چوہدری کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کی۔ ساتھ ہی سابق وفاقی وزیر کی عبوری ضمانتوں میں 28 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG