وزیرِ اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دورۂ سعودی عرب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور اسٹرٹیجک شراکت داری پر بات چیت ہو گی۔
بیان کے مطابق دورے کے دوران اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بھی سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔
سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے لیے پانچ نشستوں پر 17 امیدوار مدِ مقابل
- By ضیاء الرحمن
سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات آج ہو رہے ہیں اور لاہور سے پانچ نشستوں پر 17 امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہے۔
صدر کی نشست پر میاں محمد رؤف عطا اور منیر احمد خان کاکڑ کے درمیان مقابلہ ہو گا جب کہ نائب صدر پنجاب کی نشست پر رانا بختیار اور رانا غلام سرور مدِ مقابل ہیں۔
اسی طرح سیکریٹری کی نشست پر سلمان منصور اور ملک زاہد اسلم جب کہ ایڈیشنل سیکریٹری کی نشست پر محمد اورنگزیب اور راجہ زبیر حسین اور فنانس سیکریٹری کی نشست پر اورنگزیب میر اور چوہدری تنویر کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں 4021 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جب کہ سب سے زیادہ 1414 ووٹرز کا تعلق لاہور سے ہے۔ پولنگ کا عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا ۔