رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

براہِ راست لاہور: پولیس نے مقررہ وقت ختم ہونے پر پی ٹی آئی کا جلسہ ختم کرا دیا، علی امین گنڈاپور جلسے میں نہ پہنچ سکے

جلسے کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولیس نے لائٹس اور ساؤنڈ سسٹم بند کرا دیا۔ کچھ اہلکاروں نے اسٹیج پر چڑھ کر رہنماؤں کو بھی اتار دیا۔ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام چھ بجے تک جلسے کی اجازت دی تھی۔

14:35

پی ٹی آئی جلسے میں کارکنان کی آمد

پاکستان تحریکِ انصاف کے لاہور جلسے میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ کے مقام پر جلسہ کا اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں سیکڑوں کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شام چھ بجے تک جلسے کی اجازت دی ہے تاہم اب تک کچھ کارکن ہی جلسہ گاہ پہنچے ہیں۔

13:34

خاتون جج کی علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب برآمدگی کیس سننے سے معذرت

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کی جج شائستہ کنڈی نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب برآمدگی کیس سننے سے معذرت کر لی ہے۔

جج شائستہ کنڈی نے ہفتے کو علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر اور کہا کہ ریاست نے آج جی ٹی روڈ اور موٹر وے بند کر رکھی ہے اور ریاست چاہتی ہے کہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری ہوں۔

جس پر جج شائستہ کنڈی نے کہا کہ آپ کے پاس ہیلی کاپٹر نہیں ہوتے۔ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا میں ہیں یا لاہور میں؟ وکیل نے جج کو بتایا کہ ان کے خیال میں علی امین گنڈاپور جلسے میں نہیں جائیں۔ اگر راستے کھلوائے جائیں تو وہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

خاتون جج نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد علی امین گنڈاپور کا کیس سننے سے معذرت کرلی اور کیس واپس سیشن جج کو بھجوا دیا۔

12:54

پی ٹی آئی کا جلسہ، اسلام آباد-لاہور موٹروے بند

پاکستان تحریکِ انصاف کے لاہور میں جلسے کے پیشِ نظر اسلام آباد-لاہور موٹروے بند کردی گئی ہے۔ موٹروے بند ہونے سے لاہور، ملتان، فیصل آباد اور ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سڑک بند ہونے سے موٹروے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف آج لاہور میں کاہنہ کے قریب جلسہ کرنے جا رہی ہے اور اس جلسے میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا سے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

12:53

پی ٹی آئی کا جلسہ: قیدیوں کو آج عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا

لاہور میں تحریکِ انصاف کے جلسے کے باعث زیر حراست ملزمان کو عدالتوں میں آج پیش نہیں کیا جائے گا۔

جیل حکام نے سیشن جج لاہور اور ایڈمن ججز کو جاری کردہ مراسلے میں کہا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال کی وجہ سے ملزمان کو جیلوں میں رکھا جائے گا۔

مراسلے کے مطابق لاء ان آرڈر کے باعث پولیس اہلکاروں کی شہر میں ڈیوٹیاں لگی ہیں اس لیے زیر ِحراست ملزمان کے کیسز کو بغیر کارروائی ملتوی کیا جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG