رسائی کے لنکس

آئینی ترمیمی مسودہ پارلیمانی کمیٹی میں اتفاقِ رائے سے منظور ہو گیا ہے: خورشید شاہ کا دعویٰ

پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق آئینی مسودے کی اتفاقِ رائے سے منظوری دے دی گئی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے عامر ڈوگر نے خورشید شاہ کے دعوے کی نفی کی ہے۔

12:52 18.10.2024

'وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی سزا معافی کے لیے امریکی صدر کو خط لکھ دیا'

سرکاری وکیل نے جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت کو بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکی جیل میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کے لیے امریکی صدر کو خط لکھ دیا ہے۔

ہائی کورٹ کے جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے جمعے کو عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت کی تو اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے مذکورہ پیش رفت سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل منظور کی جائے اور ان کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔

عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ کی ریاست ٹیکساس کی ایک وفاقی جیل میں 86 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ انہیں 2010 میں نیویارک کی وفاقی عدالت نے امریکی شہریوں کو قتل کرنے کی کوشش سمیت سات الزامات میں سزا سنائی تھی۔

عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ ان کی جانب سے عمران شفیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

10:49 18.10.2024

کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

حکومتِ پنجاب نے لاہور میں پنجاب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔

سرکاری بیان کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے، خفیہ ادارے آئی ایس آئی، انٹیلی جینس بیورو اور دیگر پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کالج کے طلبہ گزشتہ چند روز سے احتجاج کر رہے تھے اور اس ضمن میں سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز وائرل ہیں۔ احتجاجی طلبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک طالبہ کے ساتھ کالج کی بیس مینٹ میں زیادتی کی گئی تاہم کالج انتظامیہ اس طرح کے کسی واقعے کی تردید کرتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔

10:48 18.10.2024

پاڑاچنار- پشاور مرکزی شاہراہ ساتویں روز بھی بند

فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے علاقے پاڑا چنار میں فائرنگ کے حالیہ واقعے کے بعد پاڑاچنار -پشاور مرکزی شاہراہ جمعے کو ساتویں روز بھی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔

اختتامِ ہفتہ کانوائی میں شامل گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد سڑک پر آمد و رفت معطل ہے۔

سڑک کی بندش کی وجہ سے اپر کرم کو اشیاء خورونوش ، فیول اور ادویات کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جب کہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

10:36 18.10.2024

پنجاب میں تعلیمی ادارے بند، دفعہ 144 نافذ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومتِ پنجاب کے اعلان کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی ادارے جمعے کو بند ہیں جب کہ صوبے میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ جمعے کو تمام یونی ورسٹیز، کالجز اور اسکولز بند رہیں گے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعے کو پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ دوسری جانب لاہور کے نجی کالج میں طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے معاملے پر طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دفعہ 144 کے تناظر میں احتجاج اور ہنگامے سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگنے کا اندیشہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی قسم کا احتجاج اور سرکاری و نجی تنصیبات پر حملے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG