ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے مہمانوں کی کنونشن سینٹر آمد
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہی اجلاس کے لیے مہمانوں کی کنونشن سینٹر اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر بعد ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے 23 ویں اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف تمام معزز مہمانوں کا استقبال کر رہے ہیں اور وہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرنے کے علاوہ نیشنل اسٹیٹمینٹ بھی دیں گے۔
پائیدار ترقی کے لیے علاقائی تعاون کا فروغ اور روابط ضروری ہیں: شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے علاقائی تعاون کا فروغ اور روابط ضروری ہیں۔ معاشی ترقی، استحکام اور خوش حالی کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔
اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے آغاز پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں ہونے والی گفتگو کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ ایس سی او اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اعزاز ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی منظر نامے کو ارتقا اور تبدیلیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او ممالک میں دنیا کی 40 فی صد آباد رہتی ہے۔
افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم افغانستان خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبہ جات میں تعاون کے مواقع موجود ہیں: پاکستانی وزیرِ اعظم
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے کے ممالک میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبہ جات میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ ایک اہم منصوبہ ہے۔
ان کے بقول موجودہ صورت حال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔
پاکستانی وزیرِ اعظم کی افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال کو روکنے پر زور
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کو روکنا ہوگا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے توجہ دے۔
ان نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پر امن مستحکم اور خوش حال افغانستان کا خواہاں ہے۔