لاہور ہائی کورٹ: تعلیمی اداروں میں ہراسانی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں طالبات کے ساتھ مبینہ طور پر پیش آنے والے ہراسانی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
رانا سکندر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں حکومتِ پنجاب کو چیف سیکریٹری کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں بچی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا جب کہ لاہور کے نجی کالج میں بچی کے ساتھ زیادہ پر احتجاج کیا گیا۔ اسی طرح مقامی سرکاری یونیورسٹی میں بھی طالبات نے ہراساں کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق طالبات کا تحفظ پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے لیکن صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کی ہراسگی کے واقعات کی تحقیقات اور حکومتِ پنجاب کو زیر تعلیم طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دے۔
پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل
پنجاب حکومت نے نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق پنجاب کالج کے طلبہ کی جانب سے احتجاج اور سوشل میڈیا مہم کے بعد طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ تاہم کالج انتظامیہ ایسے کسی بھی واقعے کی تردید کرتی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی پنجاب کالج واقعے کی تحقیقات کرے گی۔
ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے لیے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ پارک روڈ کو بنی گالہ سے اور راول ڈیم چوک کو کلب روڈ سے بند کیا گیا ہے جب کہ فیصل ایونیو کو فیض آباد کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جے پی روڈ سے آئی ایٹ جانے والے راستے بند ہیں۔ اسی طرح کشمیر ہائی وے پر کنونشن سینٹر جانے والی سڑک بھی بند ہے۔اس کے علاوہ بارہ کہو سے مری روڈ جانے والے راستے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسو سی ایشنز کی درخواست اور بینکوں کی چھٹیوں کے پیش نظر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214A کے تحت کی گئی ہے۔