رسائی کے لنکس

Justice Yahya
Justice Yahya

پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحیٰی آفریدی کو چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی

گزشتہ روز ہی پاکستان کے آئین میں چھبیسویں ترمیم کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنانے کی بجائے تین سینئر ججز میں سے کسی ایک کو چیف جسٹس بنانے کا اختیار پارلیمانی کمیٹی کو دیا گیا تھا۔

09:26 22.10.2024

چیف جسٹس کے تقرر کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی میں کون کون شامل ہے؟

سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی کے آٹھ جب کہ سینیٹ کے چار ارکان شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے سیکریٹری طاہر حسین کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفکشن کے مطابق اس کمیٹی میں حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے آٹھ اراکین شامل ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے چار، پاکستان پیپلز پارٹی کے تین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک رکن شامل ہے۔

پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے اراکین کی مجموعی تعداد چار ہے جن میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تین اور جے یو آئی کا ایک رکن شامل ہے۔

گزشتہ روز پارلیمان سے منظور ہونے والی 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 175-اے میں ترمیم کے ذریعے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعنیاتی کا طریقۂ کار تبدیل کیا گیا ہے۔

پہلے سنیارٹی کی بنیاد پر سب سے سینئر جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بنتا تھا جب کہ اب چیف جسٹس کے تقرر کا اختیار 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو دے دیا گیا ہے۔

09:28 22.10.2024

چیف جسٹس کے تقرر کی منظوری کیسے ہو گی؟

پارلیمان سے منظور ہونے والی 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 175-اے میں ترمیم سے چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کا طریقۂ کار تبدیل کیا گیا ہے۔

پہلے سنیارٹی کی بنیاد پر سب سے سینئر جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بنتا تھا جب کہ اب چیف جسٹس کے تقرر کا اختیار 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو دے دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں کے نام بھیجے جائیں گے جن میں سے کسی ایک جج کو چیف جسٹس تعنیات کرنے کا اختیار اس کمیٹی کو دیا گیا ہے۔

کمیٹی کے کل اراکین کی دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس کے تقرر کی منظوری ہو سکتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق کمیٹی میں دو تہائی اکثریت کے لیے آٹھ اراکین کی حمایت درکار ہو گی۔

واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں حکمران اتحاد کے اراکین کی تعداد بھی آٹھ ہے۔

10:14 22.10.2024

تحریکِ انصاف کی احتجاج کی دھمکی

خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کو چیف جسٹس نہ بنایا گيا تو تحریکِ انصاف ایک بار پھر احتجاج کرے گی۔
صوبائی اسمبلی سے خطاب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ غیر آئینی ترمیم کرکے اپنی مرضی کا جج لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینئرترین جج کو چیف جسٹس نہ بنایا گیا تو ہم پھرنکلیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق رات کی تاریکی میں ہونے والی ترامیم ڈکیتی ہيں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آزاد عدلیہ پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ تحریکِ انصاف جب بھی حکومت میں آئے گی ان ترامیم کو ختم کر دیا جائے گا۔

10:20 22.10.2024

پی ٹی آئی کا پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے مکمل طور پر الگ رہنے کا فیصلہ

تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیف جسٹس کے تقرر کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے مکمل طور پر الگ رہے گی۔

اس کمیٹی میں چھبیسویں آئینی ترمیم پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں رائے شماری کے دوران پارٹی پالیسی پر عمل نہ کرنے والے اراکین کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لانے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے اراکینِ پارلیمان کی بنیادی جماعتی رکنیت کی منسوخی سمیت ان کے خلاف حتمی تادیبی کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG